پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کو بنگلادیش کے ہاتھوں عبرتناک شکست

پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کو بنگلادیش کے ہاتھوں عبرتناک شکست
کیپشن: پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کو بنگلادیش کے ہاتھوں عبرتناک شکست

ویب ڈیسک:  فارمیٹ بدلا، ٹیم بدلی، گراؤنڈ بدلا لیکن نہ بدلی تو شاہینوں کی پرفارمنس نہ بدلی۔پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کو بنگلادیش کے ہاتھوں عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

تفصیلات کے مطابق میزبان ٹیم نے پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 115 رنز کا ہدف 16 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر آسانی سے حاصل کر لیا۔

قومی ٹیم کی جانب سے  کپتان شاہین آفریدی اور  محمد وسیم جونیئر نے ایک ، ایک وکٹ  حاصل کی۔

بنگلادیش کی جانب سے تنزید حسن67 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ نجم الحسین شانتو 27 رنز بنا کر  آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم 31ویں اوور میں 114 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ یہ پاکستان کا بنگلہ دیش کیخلاف کم ترین اسکور ہے۔ اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم 1999 کے ورلڈ کپ میں 161 کے اسکور پر آؤٹ ہوئی تھی۔ ناہید رانا پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے ڈراؤنا خواب ثابت ہوا۔ انہوں نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔

صاحبزادہ فرحان 38 گیندوں پر 27 رنز بنا کر پویلین لوٹے تو دوسرے ڈیبیو پلیئر شمائل حسین بھی صرف 7 گیندوں پر 4 رنز ہی بنا سکے۔ معاذ صداقت بھی اپنے کیرئیر کے پہلے میچ میں 18 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔محمد رضوان کی فارم بھی واپس نہ آسکی اور وہ 20 گیندوں پر صرف 10 رنز ہی بنا سکے۔

سلمان علی آغا بھی توچل میں آیا کی ڈگر پر چلتے ہوئے صرف 8 گیندوں پر 5 رنز ہی بنا سکے۔ ایک اور ڈیبیو پلیئر عبدالصمد 6 گیندیں کھیلنے کے باوجود کھاتا بھی نہ کھول سکے اور صفر پر ہی چلتا بنے۔ حسین طلعت 13 گیندوں پر صرف 4 رنز ہی بنا سکے۔

کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم شاہین شاہ آفریدی نے بھی 4 گیندوں پر 4 رنز بنائے اور پویلین لوٹ گئے جبکہ وسیم جونیئر3 گیندوں پر کوئی رنز نہ بناسکے اور آؤٹ ہوگئے۔فہم اشرف نے کچھ مزاحمت کی اور 47گیندوں پر 37رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

Watch Live Public News