عمران خان کو سعودی عرب سے چاولوں کے علاوہ کیا ملا ؟

عمران خان کو سعودی عرب سے چاولوں کے علاوہ کیا ملا ؟
کراچی ( پبلک نیوز ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان عوام دشمن ہیں ٗ دورہ سعودی عرب سے وزیراعظم نے زکوۃ اور فطرے کی مد میں چاولوں کے 19 ہزار تھیلوں کو حاصل کرنے کے علاوہ کیا کامیابی حاصل کی؟پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی عمران خان پر سخت تنقیدکرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے اخراجات کا زکوۃ کی مد میں حاصل ہونے والے چاولوں کے تھیلوں کی قیمت سے موازنہ کیا جائے، عمران خان کی 22 سالہ جدوجہد اگر ایک ایٹمی ملک کو سعودی بادشاہ کے زکوۃ کے چاول کے لائق بنانا کیلئے تھی تو دعا ہے کہ خدا کسی کو ایسی جدوجہد کی توفیق نہ دے۔انہوں نے کہا کہ مرغی 400 روپے کلو سے زائد کرکے عمرے کے لئے سعودی عرب جانے والے عمران خان سے عوام حساب لیں گے، وزیراعظم صاحب! نوٹس لینے اور انکوائری رپورٹوں کے جھانسے دے کر مہنگائی پر قابو پانے کے آپ کے دعوے بے نقاب ہوچکے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ نتھیا گلی میں عید کی چھٹیاں منانے والے وزیراعظم کو علم ہی نہیں کہ وہ ملک کے گلی کوچوں میں تبدیلی کے سونامی سے قیامت برپا کرچکے ہیں، تنخواہ دار تو کچھ گزارا کرسکتے ہیں مگر عمران خان نے لاک ڈاؤن کے دوران عید میں دیہاڑی دار مزدوروں کے گزارے کیلئے کیا پالیسی بنائی ہے؟انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان غریبوں پر رحم کریں، صرف ایک سال میں بیکری اشیا کی قیمتوں میں 19 فیصد اضافہ ہوچکا ہے، پی ٹی آئی حکومت کے پاس ذخیرہ اندوزوں کو قابو کرنے کیلئے کوئی پالیسی ہی نہیں ہے کہ مزید مہنگائی سے تدارک کیلئے سرکاری قیمتوں کے ہی نفاذ کو یقینی بناسکے۔