ویب ڈیسک: پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ بندی کے بعد پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) سیزن 10 کے ملتوی شدہ میچز کے دوبارہ انعقاد کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے لیگ کی بحالی کے لیے سرگرم مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔ پی ایس ایل کے بقیہ میچز، جو پاک بھارت کشیدگی کے باعث ملتوی کر دیے گئے تھے، ممکنہ طور پر لاہور اور راولپنڈی میں دوبارہ شیڈول کیے جا سکتے ہیں۔
پی سی بی نے ٹیم مالکان سے رابطہ کر کے اجلاس کی تیاری شروع کر دی ہے، جس میں لاجسٹک امور، سیکیورٹی خدشات اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق لیگ انتظامیہ نے دبئی میں موجود غیر ملکی کھلاڑیوں کو وہیں روکنے کی ہدایت کی ہے جبکہ فرنچائزز کو مقامی کھلاڑیوں کو بھی ہمہ وقت تیار رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ کھلاڑیوں کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر اسلام آباد میں دوبارہ اکٹھا ہونا پڑے گا۔
پی ایس ایل انتظامیہ نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو دوبارہ میزبانی کے لیے ترجیحی مقام قرار دے کر تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ تاہم، اس حوالے سے تاحال پی سی بی کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
اگر سیکیورٹی اور دیگر انتظامی معاملات سازگار رہے، تو پی ایس ایل 10 کے بقیہ میچز جلد دوبارہ شروع کیے جا سکتے ہیں، جس کا شائقین کرکٹ بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔