(ویب ڈیسک ) بھارتی جارحیت کا تاریخی اور منہ توڑ جواب دینے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین، اظہاریکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔
شہر شہر، گلی گلی افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ریلیوں میں عوام کی کثیر تعداد شریک ہے۔ افواج پاکستان کے جوانوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور، پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔
لکی مروت میں فتح کی خوشی میں عوام کی بڑی تعداد نےقومی پرچم اٹھا کر پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔ شمالی وزیرستان باجوڑ میں بھی بھارتی جارحیت اور افواج پاکستان کی فتح پر ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
چترال میں بھی غیور عوام افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے سڑکوں پر نکل آئے۔ پشاور کینٹ اور مردان میں بھی عوام کی بڑی تعدادبھارت کیخلاف فتح کا جشن منانے سڑکوں پر آگئی۔
ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں بھی عوام پاک فوج زندہ باد ، بھارت مردہ باد کے نعرے لگاتی سڑکوں پر نکل آئی،سوات میں بھی عوام کی بڑی تعداد نے اپنی بہادر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔
مہمند، نوشہرہ اور قلعہ بالا حصار میں بھی عوام نے فتح کی خوشی میں ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ ریلیوں میں ہر مکتبہ فکر کے افراد نے شرکت کی اس دوران عوام نے مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔
ریلیوں کے شرکاء نے اللہ کی ذات کا اس شاندار فتح پر شکر ادا کیا اور افواج پاکستان کے حق میں نعرے لگائے۔