ویب ڈیسک: شہرۂ آفاق فلم سیریز اسٹار وارز میں یادگار کردار ادا کرنے والے برطانوی اداکار مائیکل پیننگٹن 82 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے نمائندوں نے پیر کو ان کی وفات کی تصدیق کی۔
مائیکل پیننگٹن کو اسٹار وارز: ریٹرن آف دی جیڈائی میں ’موف جرجیرڈ‘ کے کردار سے عالمی شہرت ملی، تاہم وہ برطانوی تھیٹر کے ممتاز شیکسپیئرین اداکاروں میں شمار کیے جاتے تھے۔ وہ رائل شیکسپیئر کمپنی کے اعزازی ایسوسی ایٹ آرٹسٹ بھی رہے۔
انہوں نے تھیٹر ڈائریکٹر مائیکل بوگدانوف کے ساتھ مل کر ’انگلش شیکسپیئر کمپنی‘ قائم کی اور کئی دہائیوں تک شیکسپیئر کے ڈراموں میں شاندار پرفارمنس پیش کرتے رہے۔
ان کی وفات پر فنونِ لطیفہ سے وابستہ شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ معروف اداکارہ میریئم مارگولیز نے انہیں ذہین، باوقار اور غیر معمولی صلاحیتوں کا حامل فنکار قرار دیا۔
1943 میں کیمبرج میں پیدا ہونے والے مائیکل پیننگٹن نے 1965 میں بی بی سی سیریز دی وار آف دی روزز سے اپنے ٹی وی کیریئر کا آغاز کیا۔ اپنے طویل فنی سفر کے دوران وہ 70 سے زائد فلموں اور ٹی وی پروڈکشنز میں جلوہ گر ہوئے، جن میں دی آئرن لیڈی بھی شامل ہے۔
ان کا آخری کردار 2022 کی سائنس فکشن سیریز ریزڈ بائی وولوز میں وائس اوور کی صورت میں سامنے آیا۔