ویب ڈیسک: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی اسلام آباد جی-11 کچہری میں بھارتی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی جانب سے دہشتگردانہ حملے کی بھرپور الفاظ میں مذمت، کہا ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔
وزیرِ اعظم نےحملے میں شہید ہونے والے افراد کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی تمام تر ہمدردیاں شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں. انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی اور متعلقہ حکام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت.
شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی ایما پر سرگرم فتنہ الخوارج کی جانب سے اس وقت وانا میں معصوم بچوں پر بھی حملہ کیا گیا. بھارتی پشت پناہی اور افغان سرزمین سے جاری ان حملوں کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے. نہتے و معصوم پاکستانیوں کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے. انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے مکمل خاتمے اور فتنہ الہندوستان و فتنہ الخوارج کے آخری دہشتگرد کی سرکوبی تک ان کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے.
وزیرِ اعظم نے کہا کہ دہشتگردوں کی ایسی بزدلانہ کاروائیاں ہمارے دہشتگردی کے خلاف عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں. بھارت کو خطے میں پراکسیوں کے ذریعے دہشتگردی پھیلانے کے مکروہ فعل سے باز رہنا چاہیئے. وقت آگیا ہے کہ دنیا کو بھارت کی ایسی مزموم سازشوں کی مزمت کرنی چاہیئے. بھارت کا خطے میں امن تباہ کرنے کا بھیانک چہرہ پوری دنیا کے سامنے بری طرح بے نقاب ہو چکا. دونوں حملے خطے میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کی بدترین مثال ہیں.