لاہور ( پبلک نیوز) سموگ سے بچاؤ کیلئے پنجاب حکومت کا فضائی آلودگی پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ۔ فصلوں کی باقیات، کوڑاکرکٹ جلانے اور فضائی آلودگی کا سبب بننے والی صنعتوں اورگاڑیوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے صوبے میں نافذ دفعہ 144پر سختی سے عملدرآمد کرانیکی ہدایت دیدی۔ دفعہ 144کے تحت فصلوں کی باقیات، کوڑاکرکٹ اور پلاسٹک جلانے پر چھ اکتوبر سے ایک ماہ کیلئے پابندی عائد ہے۔ ہدایات چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کی زیر صدارت اجلاس میں جاری کی گئیں۔ چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ متعلقہ محکمے سموگ سے بچاؤ کیلئے جاری گائیڈ لائنز پر عملدرآمدیقینی بنائیں۔ کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سموگ سے بچاؤ کیلئے اسے پیدا کرنے والے عوامل کو روکنا ازحد ضروری ہے۔ سٹیل ملزاورفیکٹریوں میں غیر معیاری ایندھن کے استعمال پر پابندی پر عملدر آمد یقینی بنایا جائے۔ شہری سموگ کی روک تھام کیلئے حکومت کی کوششوں کا ساتھ دیں۔ سموگ پر قابو پانے کیلئے محکمہ داخلہ نے صوبہ میں چھ اکتوبر سے ایک ماہ کیلئے دفعہ 144نافذ کر دی ہے۔ اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ سموگ سے بچاؤ کیلئے صرف زِگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال کرنے والے بھٹوں کو کام جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔ حکومتی ہدایات پر عمل نہ کرنیوالے بھٹہ مالکان کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ماحولیات، صنعت، زراعت کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔