ویب ڈیسک: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ( نادرا) نے سمندر پار پاکستانیوں کو خوشخبری سنا دی۔
نادرا کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کے لیے مختلف ممالک میں کاؤنٹرز کو فعال کر دیا گیا ہے۔ کینیڈا میں، مونٹریال اور وینکوور، میلان (اٹلی)، مناما (بحرین) اور عمان (اردن) میں کاؤنٹرز کو فعال کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اٹلی کے شہر روم میں بھی جلد نادرا کا کاؤنٹر کھولا جائے گا۔ پاکستانی شہری اب ان کاؤنٹرز پر جا کر سہولیات حاصل کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ، نئے قوانین کے تحت اب کوئی بھی پاکستانی اس بات کی تصدیق کر سکتا ہے کہ کسی بھی اجنبی یا غیر متعلقہ شخص کو اس کے خاندانی ڈیٹا میں رجسٹر یا ڈیلیٹ نہیں کیا گیا ہے۔
نادرا کے ترجمان سید شباہت علی نے ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو میں ناظرین کو دخل اندازی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نئے نظام کے تحت اب کوئی بھی پاکستانی اس بات کی تصدیق کر سکتا ہے کہ ان کے خاندان میں کوئی اجنبی یا غیر متعلقہ فرد رجسٹرڈ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی اجنبی یا غیر متعلقہ شخص کے خاندان میں شامل ہونے کی تین وجوہات ہیں۔ پہلا جان بوجھ کر کسی کو خاندان کا رکن بنانا، دوسرا کسی کو پیسے یا فراڈ کا لالچ دے کر شامل کرنا اور تیسرا غلطی سے ایسا کرنا۔
انہوں نے کہا کہ 19 جون 2025 سے پہلے آپ کو اپنی فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ 'آر سی' جاننے کیلئے نادرا میں درخواست دینا پڑتی تھی لیکن اب نئے نظام کے تحت آپ نادرا آفس جا کر بغیر کوئی فیس ادا کیے اپنی آر سی دیکھ سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ اگر آپ کے موبائل فون میں نادرا کی پاک آئی ڈی ایپلی کیشن ہے تو اس میں آپ کی فیملی کی تمام تفصیلات شامل کر دی گئی ہیں۔ اسے گھر پر آسانی سے دیکھا جا سکتا ہے۔