ویب ڈیسک: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹیسٹ چیمپئن شپ 27-2025 کے چوتھے سائیکل میں پاکستان کرکٹ ٹیم شان مسعود کی قیادت میں دفاعی چیمپئن جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیل رہی ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کل سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم 7 بلے بازوں، 2 فاسٹ باؤلرز اور 2 اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترنے کی حکمت عملی اپنائے گی۔ آصف آفریدی رائٹ آرم اسپنر ساجد خان کی جگہ 11 رکنی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
38 سالہ بائیں ہاتھ کے اسپنر آصف آفریدی نے 57 فرسٹ کلاس میچوں میں 25.49 کی اوسط سے 198 وکٹیں حاصل کیں۔ اُن کے ساتھ نعمان علی ہوں گے جنہوں نے 19 ٹیسٹ میچوں میں 24.75 کی اوسط سے 83 وکٹیں حاصل کیں۔
فاسٹ باؤلنگ میں شاہین شاہ آفریدی کی ایک سال بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہو رہی ہے۔ فاسٹ بولر حسن علی بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ 24 ٹیسٹ میں 80 وکٹیں لینے والے دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے اپنا آخری ٹیسٹ جنوری 2024 میں آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں کھیلا تھا۔ پاکستان کی جانب سے امام الحق اور عبداللہ شفیق اننگز کا آغاز کریں گے۔
اسکواڈ: امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، شان مسعود ( کپتان)، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان ( وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، نعمان علی اور آصف آفریدی۔