حج 2024: نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کے حاجیوں کی سہولت کیلئے بڑے فیصلے

حج 2024: نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کے حاجیوں کی سہولت کیلئے بڑے فیصلے
اسلام آباد: نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے حج 2024 میں حاجیوں کی سہولت کیلئے بڑے فیصلے کیے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے حج 2024 کیلئے پیشگی تیاریوں کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں نگران وزیرِ مذہبی امور انیق احمد، سیکرٹری وزارت مذہبی امور اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو حج 2024 کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے نگران وزیرِ مذہبی امور اور سیکریٹری مذہبی امور کو سعودیہ عرب کا دورہ کرنے، خود حج 2024 کی تیاری کی نگرانی کرنے اور مفصل رپورٹ مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیرِ اعظم نے حج انتظامات کے جائزے کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے، وزیرِ اعظم نے وزارت مذہبی امور کو حج 2023 کے حوالے سے حجاج کی شکایات پر جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔وزیرِ اعظم نے وزارت مذہبی امور اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو باہمی اشتراک سے حجاج کی سہولیات اور شکایات کے اندراج کیلئے موبائل اپیلیکشن اور ویب سائٹ بنانے کی ہدایت بھی کی۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم نے نجی حج کمپنیوں کے حوالے سے شکایات پر رپورٹ پیش کرنے اور اس نظام کیلئے اصلاحاتی کمیٹی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ نگران وزیر اعظم نے کہا کہ نجی کمپنیوں کی کڑی نگرانی کرکے یہ یقینی بنایا جائے کہ ان کے توسط سے جانے والے حاجیوں کوبھی کسی قسم کی مشکلات نہ پیش آئیں، حجاج کے لیے کیے جانے والے انتظامات پرکسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔