علیمہ خان کیخلاف مہم افسوسناک، میری بہنوں اور اہلیہ کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں، عمران خان

علیمہ خان کیخلاف مہم افسوسناک، میری بہنوں اور اہلیہ کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں، عمران خان
کیپشن: علیمہ خان کیخلاف مہم افسوسناک، میری بہنوں اور اہلیہ کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں، عمران خان

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے علیمہ خان کیخلاف مہم کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ میری بہنوں اور اہلیہ کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں۔

تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں وکلا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ علیمہ خان باہر آ کر صرف میرا پیغام پہنچاتی ہیں۔ ان کے خلاف مہم افسوسناک اور ملک پر مسلط رجیم کی بزدلی اور خوف کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بشریٰ بیگم کا سیاست میں کوئی عمل دخل نہیں ہے۔ بشرٰی بیگم نے آج تک مجھے کسی وزیر، ٹکٹ ہولڈر یا سینٹر کو نامزد کرنے کا نہیں کہا۔ وہ کوئی سیاسی پیغام نہیں بھیجتیں۔ وہ قید تنہائی میں ہیں ان کا باہر کسی سیاسی شخصیت کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ تمام مذہبی تعلیمات، معاشرتی اقدار اور اخلاقی ضابطوں کے برخلاف جس طرح میری اہلیہ پر ظلم کیا جا رہا ہے وہ انتہائی شرمناک ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ان پر یہ جبر صرف اس لیے کیا جا رہا ہے تاکہ مجھے توڑا جا سکے لیکن میں بشری بیگم کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ تمام تر مصائب اور صعوبتیں بھی ان کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکیں اور وہ میرے ساتھ کھڑی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں اس قدر وفا شعار خاتون کی مثال نہیں ملتی جو ایسے ظلم و جبر کے باوجود ڈٹ کر کھڑی ہیں۔

Watch Live Public News