ویب ڈیسک: معروف پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے اداکاری کے بعد موسیقی کے میدان میں بھی قدم رکھ دیا، ان کا پہلا گانا ’ پابلو‘ ریلیز ہوگیا۔
ہانیہ عامر نے گانا خود لکھنے اور کمپوز کرنے کے ساتھ اس میں اپنی آواز بھی پیش کی ہے۔ پیانو کی دھن سے شروع ہونے والا گانا بعد میں پنجابی ہپ ہاپ کے انداز میں ڈھل جاتا ہے، جس میں اداکارہ نے اپنی مقبولیت، شخصیت اور ناقدین کو منفرد انداز میں مخاطب کیا ہے۔
’ پابلو‘ میں ہانیہ عامر نے اپنے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی زندگی اپنے انداز میں گزار رہی ہیں اور دوسروں کی تنقید کی پروا نہیں کرتیں۔
گانے کا اختتامی حصہ خاص توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جس میں بھارتی ریئلٹی ٹی وی اسٹار راکھی ساونت بھی شامل ہیں۔ راکھی ساونت نے ہانیہ عامر کو ’جان‘ اور ’شیرنی‘ قرار دیتے ہوئے ان کی خوبصورتی کی تعریف کی اور انہیں مخالفین کی پروا نہ کرنے کا مشورہ دیا۔
ہانیہ عامر کے موسیقی میں پہلے قدم نے سوشل میڈیا پر بھی صارفین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔