اداکار عامر خان نے تیسری شادی کی تاریخ کا اعلان کردیا

اداکار عامر خان نے تیسری شادی کی تاریخ کا اعلان کردیا

(ویب ڈیسک ) معروف بھارتی اداکارعامر خان نے تیسری شادی کی تاریخ کا اعلان کردیا، 5 جولائی کو گوری اسپرٹ سے رشتۂ ازدواج میں بندھیں گے۔

بالی وڈ کے معروف اداکار اور "مسٹر پرفیکشنسٹ" کے لقب سے پہچانے جانے والے عامر خان نے اپنی تیسری شادی کی تاریخ کا اعلان کردیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے بتایا کہ وہ 5 جولائی کو گوری اسپرٹ کے ساتھ سادگی سے شادی کریں گے۔ شادی کی تقریب ممبئی میں ان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگی، جس میں دونوں خاندانوں کے افراد اور قریبی دوست شرکت کریں گے۔

عامر خان نے کہا، "5 جولائی ہمارے لیے ایک خاص دن ہے۔ ہم نے گھر پر ایک مختصر تقریب کا اہتمام کیا ہے۔ آپ سب کی دعاؤں کی ضرورت ہے کہ ہم ہمیشہ خوش رہیں اور ہماری نئی زندگی کا سفر کامیاب رہے۔"

یاد رہے کہ عامر خان نے اپنی 60ویں سالگرہ کے موقع پر پہلی بار گوری اسپرٹ کو عوام کے سامنے متعارف کرایا تھا اور ان کے ساتھ اپنے تعلق کی باضابطہ تصدیق کی تھی۔

عامر خان کی پہلی شادی رینا دتہ سے 1986 میں ہوئی تھی، تاہم یہ رشتہ 2002 میں ختم ہوگیا۔ اس کے بعد انہوں نے 2005 میں کرن راؤ سے شادی کی، لیکن دونوں نے 2021 میں باہمی رضامندی سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ اب عامر خان گوری اسپرٹ کے ساتھ اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔

Watch Live Public News