ویب ڈیسک: پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے پارٹی میں جاری اختلافات سے متعلق کہا ہے کہ پارٹی رہنما کسی قسم کی بیان بازی نہیں کر رہے، صرف اصولی باتیں ہو رہی ہیں اور جلد معاملات طے پا جائیں گے۔ اسٹبلشمنٹ سے ڈیل کا میرے علم میں نہیں ہے، اعظم سواتی اپنی ذاتی حیثیت میں بات کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی آئین و قانون کی بالادستی اور شفاف انتخابات کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں ملک میں بنیادی حقوق بحال ہوں، اور اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ہم پتلی گلی سے نکل جائیں گے تو ایسا ہرگز نہیں ہوگا۔
اعظم سواتی کے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹبلشمنٹ سے ڈیل کا میرے علم میں نہیں ہے، اعظم سواتی اپنی ذاتی حیثیت میں بات کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی عمران سے ملاقات ہوگی تو صورت حال واضح ہو گی اسی لیے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرنے دی جا رہی تاکہ ابہام برقرار رہے، ملاقات کے بعد پتا چلے گا کہ انہوں نے کسی کو مذاکرات کا کہا ہے یا نہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے الزام لگایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتوں میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں تاکہ صورتحال میں ابہام پیدا ہو۔
انہوں نے کہا کہ میں نے جیل میں عمران خان سے ملاقات کے لیے 6 وکلاء کے نام دیے تھے، مگر ان میں سے 5 کو نکال دیا گیاجبکہ ملاقات کرنے والے افراد فہرست میں شامل ہی نہیں تھے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل پی ٹی آئی کی قیادت میں اختلافات کھل کر سامنے آئے تھے، جنہوں نے پارٹی کے اندرونی معاملات کو ایک نئے بحران کی شکل دے دی ہے۔ تاہم سلمان اکرم راجہ نے امید ظاہر کی ہے کہ جاری میٹنگز کے نتیجے میں یہ مسائل جلد حل کر لیے جائیں گے۔