چوہدری شجاعت حسین مسلم لیگ ق کے بلامقابلہ صدر منتخب

چوہدری شجاعت حسین مسلم لیگ ق کے بلامقابلہ صدر منتخب

ویب ڈیسک: سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین مسلم لیگ ق کے بلامقابلہ صدر اور طارق حسن بلا مقابلہ جنرل سیکریٹری منتخب ہوگئے ہیں، وزیراعظم اور وزیرداخلہ سمیت اہم سیاسی شخصیات نے مبارکباد دی۔

چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے چوہدری سالک حسین مسلم لیگ ق کے سینیئر نائب صدر منتخب ہوئے ہیں، چوہدری شافع حسین مسلم لیگ ق پنجاب کے جنرل سیکریٹری، ڈاکٹر محمد امجد چیف آرگنائزر اور غلام مصطفیٰ ملک مرکزی سیکریٹری اطلاعات مقرر ہوئے۔

مسلم لیگ ق کے انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد مسلم لیگ ق کی مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس میں ہوا، اجلاس میں چاروں صوبوں، اسلام آباد اور گلگت بلتستان سے جنرل کونسل کے اراکین نے شرکت کی, اجلاس میں مسئلہ کشمیر، فلسطین میں مسلمانوں پر مظالم اور پاکستان میں جاری دہشتگردی کی مذمت کی گئی اور افواج پاکستان، رینجرز اور پولیس کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

مرکزی الیکشن کمشنر حافظ عقیل اور صوبائی الیکشن کمشنر ڈاکٹر عبد الرحیم نے   نو منتخب عہدیداران کے ناموں کا اعلان کیا , مرکزی اور صوبائی کونسل جنرلز کے اراکین نے  ہاتھ کھڑے کرکے نو منتخب عہدیداران کی تائید کی. 
اراکین کونسل جنرل نے ڈاکٹر محمد امجد کے پارٹی کے چیف آرگنائزر تقرری کی منظوری دی , مصطفی ملک کو پارٹی کا مرکزی سیکرٹری اطلاعات مقرر کیا گیا , مرکزی اور صوبائی کونسل جنرل کااجلاس مسلم لیگ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس کی صدارت چوہدری شجاعت حسین نے کی .

چوہدری شجاعت نے کہا کہ مسلم لیگ نے پاکستان بنایا تھا اور یہی جماعت پاکستان کو بچائے گی، تمام عہدیداران پارٹی کو منظم، مستحکم اور فعال بنائیں، قرآن ہمارا منشور ہے، خدمت کی سیاست کریں، جبکہ منافقت اور تکبر سے اجتناب کریں۔

قرآن مجید میں معاشرے کے ہر طبقے کے لئے رہنمائی موجود ہے ،قرآن مجید ہی پاکستان مسلم لیگ کا منشور ہے , اللہ تعالیٰ تکبر کو نہیں انسانیت سے پیار کو پسند کرتا ہے , ہمسایوں ،دوستوں اور ناداروں کے ساتھ رواداری ،اخلاق اور ہمدردی کا رویہ اختیار کیا جائے ,ہم سب مل کر اتحاد کی قوت سے پارٹی اور ملک کو مضبوط بنائیں گے.

 سیکرٹری وصوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہنے والوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے ،اللہ تعالیٰ کو تکبر پسند نہیں اور ہمارے اندر کبھی تکبر نہیں آیا، مخالفین انتقامی سیاست کا الزام لگاتے ہیں لیکن ہم انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتے ، پارٹی ڈسپلن بھی ضروری ہے جس سے سیاسی جماعتیں مضبوط ہوتی ہیں ۔

وفاق اور پنجاب میں ن لیگ کے ساتھ مل کر ملک اور قوم کی خدمت کررہے ہیں ، نگران حکومت سے پہلے کی حکومت نے پنجاب میں بے پناہ کرپشن کی ، موجودہ حکومت تمام ترقیاتی سکیمیں شفاف طریقے سے مکمل کررہی ہے ۔

پاکستان مسلم لیگ کو مل کر ملک کی مقبول اور مضبوط پارٹی بنانا ہے ،  مسلم لیگ مضبوط ہوگی تو ملک مضبوط ہوگا ،پارٹی نے ہمیں دوباررہ منتخب کرکے نیا جزبہ اور نئی طاقت دی ہے ،مایوس نہیں کریں گے ۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف  نے چوہدری شجاعت حسین کو مسلم لیگ ق کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی، وزیرِ اعظم نے چوہدری سالک حسین کو سینئیر نائب صدر، طارق حسن کو جنرل سیکریٹری، چوہدری شافع حسین کو پارٹی کا پنجاب میں صدر، ڈاکٹر محمد امجد کو چیف آرگنائزر اور غلام مصطفی ملک کو مرکزی سیکریٹری اطلاعات منتخب ہونے پر بھی مبارکباد دی۔

وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ق حکومت کی اہم اتحادی سیاسی جماعت ہے جس نے گزشتہ دور حکومت میں پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی کیلئے اپنی سیاست کی قربانی میں سب اتحادیوں کا ساتھ دیا. 

پر امید ہیں کہ مسلم لیگ ق بطور ایک جماعت قانون ساز اسمبلیوں میں عوامی امنگوں کی یونہی نمائندگی اور ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی.

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی چودھری شجاعت حسین کو پاکستان مسلم لیگ قائد اعظم کا   صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی، وزیرداخلہ محسن نقوی کا چودھری شجاعت حسین اور دیگر نومنتخب پارٹی عہدیداران کے لئے نیک خواہشات کااظہار کیا۔

اپنے بیان میں کہا  سینئر ترین سیاستدان چودھری شجاعت حسین کا سیاست میں اپنا مقام ہے، وزیرداخلہ محسن نقوی نے چودھری شجاعت حسین کی سیاسی خدمات کو سراہا۔

Watch Live Public News