ویب ڈیسک: لاہور میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ ( سی سی ڈی) کے نام پر تاوان لینے کے واقعات میں تشویشناک اضافہ ہو رہا ہے، جس نے شہریوں میں عدم تحفظ کی فضا پیدا کر دی ہے۔ تازہ واقعہ مناواں کے علاقے میں پیش آیا جہاں دو پولیس اہلکاروں سمیت چار ملزمان نے ایک شہری کو اغوا کر کے مبینہ طور پر سنگین دھمکیاں دیں۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے متاثرہ شہری کو اغوا کرنے کے بعد اسے جعلی " سی سی ڈی مقابلے" میں مار ڈالنے کی دھمکی دی اور جان بخشی کے عوض چار لاکھ روپے تاوان طلب کیا۔ طویل گفت و شنید کے بعد تاوان کی رقم ڈیڑھ لاکھ روپے پر طے پائی۔ متاثرہ شخص نے موقع ملتے ہی واقعے کی اطلاع مناواں پولیس کو دی، جس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں دو حاضر سروس اہلکار شامل ہیں جن کے خلاف سخت محکمانہ اور قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ملزمان نے اپنے جرم کو قانونی کارروائی کا لبادہ اوڑھ کر انجام دینے کی کوشش کی تاکہ پکڑے جانے سے بچ سکیں۔
یاد رہے کہ اس سے چند روز قبل رائیونڈ میں بھی اسی نوعیت کا واقعہ پیش آیا تھا جہاں دو پولیس اہلکاروں نے سی سی ڈی کے نام پر شہریوں سے لوٹ مار کی تھی۔ اس واقعے کا مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا، تاہم بار بار سامنے آنے والے ایسے واقعات نے پولیس کے داخلی احتساب اور نگرانی کے نظام پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ ان عناصر کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے تاکہ قانون کے محافظ دوبارہ قانون شکن نہ بن سکیں۔