ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ اور خیبر میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ، باجوڑ میں شدت پسندوں کے ساتھ ہونے والا جرگہ ناکام ہوگیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق قبائلی عمائدین کے جرگے نے فتنہ الخوارج سے علاقہ چھوڑنے سمیت 3 مطالبات کیے تھے۔ فتنہ الخوارج نے علاقہ چھوڑنے سے انکار کردیا ہے۔ باجوڑ کی تحصیل ماموند کے دوعلاقوں میں تقریبا 300 دہشتگرد موجود ہیں۔
باجوڑ کی تحصیل ماموند کی آبادی 3 لاکھ سے زیادہ ہے۔ باجوڑ میں 40 ہزار سے زیادہ افراد اپنے علاقے چھوڑ چکے ہیں۔ خیبر میں بھی 350 سے زیادہ دہشتگرد موجود ہیں۔ خیبر اور باجوڑ میں موجود دہشتگردوں میں سے 80 فیصد سے زیادہ افغانی ہیں۔
کمشنر ملاکنڈ عابد وزیر نے کہا کہ متاثرین کیلئے رہائش کا انتظام کرلیا گیا ہے۔ خار میں 107 سرکاری عمارتوں میں لوگوں کو ٹھہرانے کے انتظامات کرلیے ہیں، خار کے اسپورٹس کمپلیکس میں خیمہ بستی بھی قائم کی جائے گی۔ نقل مکانی کرنے والے افراد کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی