واٹس ایپ کا جادوئی فیچر! اب تصاویر حرکت بھی کریں گی

واٹس ایپ کا جادوئی فیچر! اب تصاویر حرکت بھی کریں گی

(ویب ڈیسک ) واٹس ایپ ایک ایسا نیا فیچر متعارف کرانے جا رہا ہے جو دیکھنے میں کسی جادوئی فلم، خاص طور پر ہیری پوٹر کی یاد دلا دیتا ہے۔  

جی ہاں، میٹا کی زیرِ ملکیت اس مقبول میسجنگ ایپ میں موشن فوٹو نامی فیچر بیٹا ورژن میں پیش کیا گیا ہے، جو صارفین کو ساکت تصاویر میں زندگی بھرنے کا موقع دے گا۔

یہ فیچر اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے اور بالکل آئی فون کے لائیو فوٹو فیچر جیسا ہے۔ اس کے ذریعے تصویر لینے سے پہلے اور بعد کے چند سیکنڈز کو محفوظ کر کے ایک متحرک تصویر بنائی جا سکے گی، جس میں آواز بھی شامل ہو گی۔

یوں یہ صرف ایک تصویر نہیں، بلکہ ایک مختصر ویڈیو جیسا تجربہ فراہم کرے گی، جس میں لمحات حرکت کرتے دکھائی دیں گے۔

اس کا استعمال بھی انتہائی آسان ہوگا، صرف گیلری میں جا کر اوپر بائیں جانب موجود موشن آئیکن پر کلک کریں اور فیچر کو انجوائے کریں۔

فی الحال یہ فیچر صرف محدود بیٹا صارفین کے لیے دستیاب ہے، لیکن بہت جلد تمام صارفین کو پیش کیے جانے کی امید ہے۔ اس کے بعد بغیر کسی تھرڈ پارٹی ایپ کے آپ خود واٹس ایپ پر اپنی GIF تصاویر بنا سکیں گے اور دوستوں سے شیئر بھی کر سکیں گے۔

Watch Live Public News