ڈی آئی خان میں دہشتگردوں کا حملہ ناکام ، 27 دہشتگرد ہلاک،23 جوان شہید

ڈی آئی خان میں دہشتگردوں کا حملہ ناکام ، 27 دہشتگرد ہلاک،23 جوان شہید
راولپنڈی : سیکیورٹی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ مختلف کارروائیوں میں 27 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ 23 جوان بھی شہید ہوئے ہیں . پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں 11اور 12 دسمبر کی درمیانی رات دہشتگردوں کی سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں جس پر ڈی آئی خان کے علاقے درازندہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس دوران 17 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔ ترجمان پاک فوج نے بتایا ہے کہ درازندہ کے علاقے میں آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کو تباہ کردیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ کلاچی میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن میں دہشتگردوں کے ٹھکانے کو تلاش کیا گیا ، دوران آپریشن تمام 6 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 بہادر جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دہشتگردوں نے بعد میں خودکش حملہ کردیا، دھماکوں کے نتیجے میں عمارت گرگئی جس سے متعدد اموات ہوئیں جب کہ اس دوران 23 بہادر سپاہیوں نے شہادت کو گلے لگایا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھے اور ہلاک دہشتگرد معصوم شہریوں کے قتل میں بھی سرگرم تھے، کارروائیوں کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دہشتگرد کو ختم کرنے کےلیے کلیئرنس آپریشنز کیے جا رہے ہیں، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔