بنگلہ دیش میں انتخابی عمل کی نگرانی پر55ہزار سےزائدمبصرین مامور

بنگلہ دیش میں انتخابی عمل کی نگرانی پر55ہزار سےزائدمبصرین مامور
کیپشن: بنگلہ دیش میں انتخابی عمل کی نگرانی پر55ہزار سےزائدمبصرین مامور

ویب ڈیسک: بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد آج ہونے والے عام انتخابات کی نگرانی کے لیے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں 55 ہزار 454 مقامی مبصرین 81 مختلف تنظیموں کی نمائندگی کرتے ہوئے انتخابی عمل کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ 394 غیر ملکی مبصرین بھی نگرانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

الیکشن اور ریفرنڈم کے مشاہدے کے لیے تقریباً 200 غیر ملکی صحافی بھی بنگلہ دیش پہنچ چکے ہیں۔ بین الاقوامی مبصرین میں سے 80 مختلف عالمی اداروں کی نمائندگی کر رہے ہیں جبکہ دیگر مبصرین مختلف ممالک سے تعلق رکھتے ہیں، جن میں آزاد یورپی مبصرین بھی شامل ہیں۔

مبصرین بھیجنے والی نمایاں بین الاقوامی تنظیموں میں ایشین نیٹ ورک فار فری الیکشنز، دولتِ مشترکہ سیکرٹریٹ، امریکہ میں قائم انٹرنیشنل ریپبلکن انسٹی ٹیوٹ (IRI)، نیشنل ڈیموکریٹک انسٹی ٹیوٹ (NDI)، اسلامی تعاون تنظیم (OIC)، انٹرنیشنل کانفرنس آف ایشین پولیٹیکل پارٹیز اور یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس شامل ہیں۔

غیر ملکی مبصرین 21 ممالک سے تعلق رکھتے ہیں جن میں پاکستان، بھوٹان، سری لنکا، نیپال، انڈونیشیا، فلپائن، ملائیشیا، اردن، ترکی، ایران، جارجیا، روس، چین، جاپان، جنوبی کوریا، کرغزستان، ازبکستان، جنوبی افریقہ اور نائجیریا شامل ہیں۔

وزارت خارجہ اور الیکشن کمیشن کے مطابق وائس فار جسٹس، ڈیموکریسی انٹرنیشنل، ایس این اے ایس افریقہ، سارک ہیومن رائٹس فاؤنڈیشن اور پولش انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز سمیت مختلف اداروں کے 51 مبصرین انفرادی حیثیت میں بھی انتخابی عمل کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔

شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ملک بھر میں 9 لاکھ 58 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاکہ ووٹرز بلاخوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تقریباً ساڑھے 17 کروڑ آبادی والے ملک میں سیاسی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ کسی ایک جماعت کو واضح اکثریت حاصل ہو۔ ان کے مطابق شیخ حسینہ حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کے اثرات ابھی تک مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے، جس کے باعث ملکی معیشت اور صنعت، خصوصاً گارمنٹس سیکٹر، متاثر ہوا ہے۔ بنگلہ دیش کو گارمنٹس برآمد کرنے والا دنیا کا دوسرا بڑا ملک سمجھا جاتا ہے۔

Watch Live Public News