محفوظ رہائش خواتین اور بچوں کے وقار کی بنیاد ہے، آصفہ بھٹو زرداری

محفوظ رہائش خواتین اور بچوں کے وقار کی بنیاد ہے، آصفہ بھٹو زرداری
کیپشن: محفوظ رہائش خواتین اور بچوں کے وقار کی بنیاد ہے، آصفہ بھٹو زرداری

ویب ڈیسک: خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے ایشیا پیسیفک شیلٹر اینڈ سیٹلمنٹس فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ محفوظ رہائش صرف ایک چھت کی فراہمی تک محدود نہیں بلکہ یہ بچوں اور خواتین کے وقار، بہتر مواقع اور معاشرتی استحکام کی بنیاد فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایشیا پیسیفک خطے میں لاکھوں خاندان موسمیاتی تبدیلی اور دیگر سماجی چیلنجز سے متاثر ہو رہے ہیں، ایسے میں ضروری ہے کہ محفوظ اور باوقار رہائش کے ثمرات خصوصاً خواتین اور بچوں تک پہنچائے جائیں تاکہ وہ ایک محفوظ اور باعزت زندگی گزار سکیں۔

آصفہ بھٹو زرداری نے سندھ کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد سندھ حکومت نے "سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ افیکٹیز" پروگرام کا آغاز کیا، جو ماحولیاتی طور پر مضبوط گھروں کی تعمیر کا دنیا کا سب سے بڑا منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق اس پروگرام سے ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد براہِ راست مستفید ہو رہے ہیں، جبکہ گھروں اور زمین کی ملکیت خواتین کے نام منتقل کی جا رہی ہے، جس سے ان کے تحفظ، وقار اور مالی شمولیت کو فروغ مل رہا ہے۔

انہوں نے پائیدار اور مضبوط بستیاں قائم کرنے کے لیے سماجی ہم آہنگی اور مستحکم کمیونٹیز کی تشکیل پر زور دیا اور کہا کہ حکومت، سول سوسائٹی، نجی شعبے اور مقامی برادریوں کے درمیان مؤثر اشتراک ناگزیر ہے۔

خاتونِ اول نے کہا کہ اس فورم کا مقصد محض تقاریر تک محدود نہیں بلکہ قابلِ عمل اور دیرپا حل تلاش کرنا ہے تاکہ کمیونٹیز کو نہ صرف بحرانوں کا مقابلہ کرنے بلکہ ترقی کی جانب آگے بڑھنے کے قابل بنایا جا سکے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ فورم کے مباحث اور فیصلے عملی اقدامات کی صورت اختیار کریں گے اور ہر بچے اور ہر عورت کے لیے محفوظ، باوقار اور مواقع سے بھرپور مستقبل کی راہ ہموار کریں گے، کیونکہ کسی بھی فورم کی کامیابی کا اصل پیمانہ زمینی نتائج ہوتے ہیں۔

Watch Live Public News