پرویز الٰہی وزیراعلیٰ پنجاب برقرار ، پنجاب اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا

پرویز الٰہی وزیراعلیٰ پنجاب برقرار ، پنجاب اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے اسمبلی سے 186 اراکین کے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا ہے ، ووٹنگ کی کارروائی کے دوران ہی متحدہ اپوزیشن نے بائیکاٹ کر کے اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا ۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوا ، اسپیکر نے اراکین کو ایوان میں بلانے کے لیے گھنٹیاں بجائیں اور پھر اجلاس 12 بج کر پانچ منٹ تک ملتوی کر کے قانونی تقاضوں کو پورا کیا گیا ۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے حکومت کا حکم نامہ پڑھ کر سنایا اور سینئر وزیر اسلم اقبال اور راجہ بشارت کے نام پکار کر انہیں قرار داد پیش کرنے کی ہدایت بھی کی، قانون کے مطابق کارروائی سے قبل 5 منٹ تک گھنٹیاں بجائی گئیں اور پھر دروازے بند کر دیے گئے۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے اعتماد کے ووٹ کیلئے میاں اسلم اقبال اور راجہ بشارت نے قرارداد پیش کی اور پھر ووٹنگ کا عمل شروع کیا گیا تھا جس کے بعد تمام اراکین نے باری باری اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا ۔ متحدہ اپوزیشن کا بائیکاٹ پیپلزپارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے اراکین کی جانب سے قرارداد پیش ہونے کے دوران شدید ہنگامہ آرائی کی گئی تھی اور اسپیکر کے ڈائس کا گھیراؤ کر کےشدید نعرے بازی بھی کی گئی تھی ۔ ووٹنگ کا عمل شروع ہوتے ہی اپوزیشن اراکین نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان سے باہر چلے گئے اور اسمبلی کی عمارت کے باہر احتجاج کیا ۔ اپوزیشن اراکین نے غصے میں لابی کا دروازہ لاتیں مار کر توڑ دیا ۔ ووٹنگ کے نتائج ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہی گنتی ہوئی اور پھر اسپیکر سبطین خان نے یہ اعلان کیا کہ چوہدری پرویز الہیٰ نے 186 ووٹ لے کر ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا ہے۔ اسپیکر کے اعلان کے ساتھ ہی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے اراکین نے ڈائس بجائیں جب کہ باری باری سے پرویز الہیٰ کو مبارک باد بھی پیش کی ۔ اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد پرویز الہیٰ کا خطاب چوہدری پرویز الہیٰ نے اعتماد کا ووٹ لینے کے بعد پاکستان تحریک انصاف ، ق لیگ اور آزاد امیدوار کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی امیدوں پر پورا اتریں گے ہمیں اُن پر یقین ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں پیپلزپارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن کی سیاست مکمل ختم ہوچکی ہے۔انہوں نے خطاب میں حماد اظہر ، حافظ فرحت نواز اور زلفی بخاری ،اسد عمر، شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری کا شکریہ بھی ادا کیا۔ پرویز الہیٰ نے کہا کہ پہلے دن سے ہی کہہ رہا ہوں کہ گھبرانا نہیں ہے، ساٹھ ہزار نوکریاں دے رہے ہیں، خواتین کے حلقے میں اتنے کام کروائیں گے ن لیگ کا نام تک ختم ہو جائے گا، ن لیگ کے منہ کالے ہوگئے ادھر ہی لیٹ کر واپس چلے گئے ہیں، ہم احساس پروگرام کو مزید آگے بڑھائیں گے، گھر بیٹھے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ پر 10 لاکھ ملازمتوں کے مواقع فراہم کریں گے کہ جس سے وہ 12 ملین ڈالر سے حاصل کر سکیں گے، کیلیفورنیا کے اسپیکر نے پنجاب حکومت سے نالج پارک میں کام کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ پرویز الہیٰ نے اعلان کیا کہ پی ٹی آئی ورکرز کو بھی نوکریاں دینے کےلئے تیار ہیں، عمران خان نے جو نئے پاکستان کا خواب دیکھا تھا اسے کامیاب کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ’ن لیگ کو آج صحیح طور پر سرپرائز ملا ہے، انہیں بالکل بھی اندازہ نہیں تھا کہ کیا ہوگا، یہ بارات لے کر آئے تھے اب اُن کی جھولی اور ڈولی خالی ہوگئی، ہمیں چوروں کو گھر کے اندر تک محدود کرنا ہے، خرید و فروخت نہ ہونے سے یہ بات سامنے آگئی کہ پی ٹی آئی اور ق لیگ کے اراکین بکاؤ مال نہیں ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ جب ان کو پکڑتے ہیں تو سب سے پہلے بیمار ہوجاتے ہیں،جوں ہی پاکستان سے باہر جاتے ہیں ہشاش بشاش ہوجاتے ہیں، وفاقی حکومت نے مہنگائی ڈبل کر دی ہے، آٹے کی قیمتیں آسمان پر پہنچا دی ہیں، ہیلتھ کارڈ کا بہترین کام ہے نئے اسپتال بنا رہے ہیں، ہم تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر ٹیومر سمیت مختلف بیماریوں کےلئے علاج کی مفت سہولت دیں گے، جناح اسپتال میں ٹراما سینٹر بنا دیا جہاں ڈھائی سو بیڈ لگائے گئے ہیں، اچھے کام کئے تو ن لیگ نظر نہیں آئے گی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔