ویب ڈیسک: مقبول برطانوی ڈراما سیریز ایسٹ اینڈرز میں ٹیکسی ڈرائیور چارلی سلیٹر کے کردار سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار ڈیریک مارٹن 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
ڈیریک مارٹن نے 2000 میں ایسٹ اینڈرز میں چارلی سلیٹر کا کردار ادا کیا، جو ایک نرم دل ٹیکسی ڈرائیور تھا اور مداحوں میں بے حد مقبول ہوا۔ ان کا کردار 2016 تک کئی اہم کہانیوں کا حصہ رہا اور اس دوران انہوں نے بے شمار دلوں میں جگہ بنائی۔
92 سال کی عمر میں انتقال کرنے والے ڈیریک مارٹن نے باضابطہ اداکاری کی تربیت حاصل نہیں کی تھی۔ ان کا آغاز مشرقی لندن کے علاقے بو سے ہوا، جہاں انہوں نے اداکاری میں آنے سے پہلے مختلف ملازمتیں کیں جن میں قصاب، سڑکوں پر کام کرنے والے مزدور اور رائل ایئر فورس میں نیشنل سروس شامل ہیں۔
انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز "ڈاکٹر ہو " میں اسٹنٹ مین کے طور پر کیا تھا، تاہم 1970 کی دہائی میں ایک چوٹ کے بعد باقاعدہ اداکاری کی طرف قدم بڑھایا۔
اپنے طویل کیریئر میں انہوں نے زیڈ کارز، دی سیونی، مائینڈر، دی بل اورلٹل برٹین جیسے کلاسک برطانوی ٹی وی شوز میں کام کیا۔
ان کے انتقال پر مداحوں اور ساتھی فنکاروں نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا، اور برطانوی ٹیلی ویژن کے لیے ان کی دہائیوں پر محیط خدمات کو سراہا۔ مرحوم کے پسماندگان میں ان کے دو بیٹے، جوناتھن اور ڈیوڈ شامل ہیں۔