ڈکی بھائی کا جیل میں گزارا گیا وقت زندگی کا مشکل ترین اور فیصلہ کن دور قرار

ڈکی بھائی کا جیل میں گزارا گیا وقت زندگی کا مشکل ترین اور فیصلہ کن دور قرار
کیپشن: ڈکی بھائی کا جیل میں گزارا گیا وقت زندگی کا مشکل ترین اور فیصلہ کن دور قرار

ویب ڈیسک: پاکستان کے مقبول ڈیجیٹل کری ایٹر اور یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی نے جیل میں گزارے گئے تین ماہ کو اپنی زندگی کا سب سے مشکل اور فیصلہ کن مرحلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس قید نے ان کی سوچ، طرزِ زندگی اور مذہبی وابستگی کو مکمل طور پر بدل دیا۔

90 لاکھ سے زائد سبسکرائبرز کے حامل ڈکی بھائی اس وقت پاکستان کے سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے یوٹیوبرز میں شمار ہوتے ہیں۔ حال ہی میں دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے کی جانب سے گرفتاری، بینک اکاؤنٹس منجمد ہونے اور رقم ضبط کیے جانے کے بعد انہیں تین ماہ جیل میں گزارنا پڑے، جو ذہنی اور جسمانی طور پر ان کے لیے نہایت کٹھن ثابت ہوئے۔ تاہم انہوں نے اسی دور کو اپنی زندگی کا ٹرننگ پوائنٹ بھی قرار دیا۔

ڈکی بھائی نے اپنی مذہبی تبدیلی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیل جانے سے قبل وہ نمازوں میں کوتاہی کرتے تھے، مگر گرفتاری کے دن کے بعد انہوں نے ایک بھی نماز قضا نہیں کی۔ ان کے مطابق انہیں محسوس ہوا کہ یہ وقت انہیں اللّٰہ تعالیٰ کے قریب کرنے کے لیے آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اچھے دنوں میں انہوں نے اللّٰہ کو یاد نہیں رکھا، جو ان کی خود غرضی تھی، اور شاید اللّٰہ چاہتے تھے کہ وہ اپنی زندگی میں تبدیلی لائیں۔

جیل میں صحت اور خوراک سے متعلق بات کرتے ہوئے ڈکی بھائی نے بتایا کہ سادہ گندم کی روٹی اور عام کھانے کے باعث ان کا وزن کم ہو گیا، تاہم یہی سادگی ان کے لیے فائدہ مند ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ فاسٹ فوڈ کی خواہش ضرور ہوتی تھی، مگر جیل کی سادہ خوراک نے انہیں جسمانی طور پر بہتر محسوس کرایا۔

سوشل میڈیا شہرت کے حوالے سے ڈکی بھائی نے کہا کہ جیل جانے سے پہلے تنازعات انہیں زیادہ متاثر نہیں کرتے تھے، مگر اب ان کا نقطۂ نظر بدل چکا ہے۔ ان کے مطابق وہ اب سوشل میڈیا کو پہلے جیسا نہیں دیکھتے اور یہ کام صرف اپنے مداحوں کی خاطر جاری رکھے ہوئے ہیں کیونکہ ان کے فالوورز ان کا انتظار کرتے ہیں۔

انٹرویو کے اختتام پر ڈکی بھائی نے دیگر یوٹیوبرز کو مشورہ دیا کہ ہر کری ایٹر سے غلطیاں ہو سکتی ہیں، جیسا کہ ان سے ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی مواد اپ لوڈ کرنے سے قبل اسے ضرور اچھی طرح جانچ لینا چاہیے، کیونکہ انٹرنیٹ پر ایک غلط قدم انسان کی پوری زندگی بدل سکتا ہے۔

Watch Live Public News