فلم انڈسٹری کی ترقی کے لیے پنجاب فلم سٹی اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ 

فلم انڈسٹری کی ترقی کے لیے پنجاب فلم سٹی اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ 

(ویب ڈیسک)  پنجاب حکومت نے فلم انڈسٹری کی ترقی کےلیے پنجاب فلم سٹی اتھارٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں پنجاب فلم سٹی اتھارٹی ایکٹ 2025 پیش کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد فلم، ڈرامہ اور ڈاکیومنٹری کی تیاری اور فروغ کے لیے سرکاری سرپرستی فراہم کرنا ہے۔

اس بل کے مطابق اتھارٹی کے اخراجات حکومتِ پنجاب پورے کرے گی، جبکہ ایک نئی فلم پالیسی، واضح قواعد و ضوابط اور لائسنسنگ کا مکمل نظام متعارف کرایا جائے گا۔ اس کے ساتھ فلم سازوں کو مختلف سہولیات، ضروری اجازت ناموں کے حصول میں آسانی اور ون ونڈو آپریشن کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

بل کے تحت مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ فلموں کے ذریعے پنجاب کی ثقافت، سیاحت اور مثبت تشخص کو فروغ دیا جائے گا۔ 

اس بل کو مزید غور و خوض کے لیے دو ماہ کے لیے متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے، جو اپنی رپورٹ اسی مدت میں پیش کرے گی۔ کمیٹی کی منظوری کے بعد بل کو پنجاب اسمبلی سے باقاعدہ منظور کرایا جائے گا۔

Watch Live Public News