قائداعظم اور علامہ اقبال پر عالمی معیار کی ویب سیریز بنانے کا فیصلہ

قائداعظم اور علامہ اقبال پر عالمی معیار کی ویب سیریز بنانے کا فیصلہ
کیپشن: قائداعظم اور علامہ اقبال پر عالمی معیار کی ویب سیریز بنانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کی زندگی اور خدمات پر مبنی عالمی معیار کی تاریخی ویب سیریز بنانے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس ہوا جس میں قائداعظم اور علامہ اقبال  کی زندگی پر عالمی معیار کی ویب سیریز بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں معروف میڈیا ہاؤسز، پروڈیوسرز، ہدایت کاروں اور تخلیقی شعبے سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔ احسن اقبال نے کہا کہ دونوں قومی رہنماؤں کی 150ویں سالگرہ کو محض رسمی تقریبات تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ اسے قومی فکری تجدید کا موقع بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بامقصد کہانی سنانا قوم سازی کا مؤثر ذریعہ ہے اور نوجوان نسل کو قیامِ پاکستان کے نظریاتی پس منظر اور آئینی جدوجہد سے جوڑنا وقت کی ضرورت ہے۔ قائداعظم کی آئینی جدوجہد اور علامہ اقبال کے فکری وژن کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے گا تاکہ دنیا پاکستان کے نظریاتی ورثے سے آگاہ ہو سکے۔

وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ حکومت اس منصوبے کے لیے 50 کروڑ روپے تک سیڈ فنڈنگ فراہم کرے گی، جبکہ مصنفین اور پروڈیوسرز کے لیے تحقیقی ورکشاپس بھی منعقد کی جائیں گی تاکہ مستند اور معیاری مواد یقینی بنایا جا سکے۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تاریخی ڈرامے سافٹ پاور اور ثقافتی سفارتکاری کا مؤثر ذریعہ بن سکتے ہیں، اس لیے تخلیقی صنعت کو ریاستی سرپرستی کے ذریعے عالمی سطح پر متعارف کرانے کی حکمت عملی اپنائی جائے گی، جبکہ پاکستانی او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کے قیام پر بھی غور کیا جائے گا۔

Watch Live Public News