ٹی 20 ورلڈ کپ: آئی سی سی کا بنگلہ دیش کے میچز کیلئے دو وینیو تجویز کرنے کا پلان تیار

ٹی 20 ورلڈ کپ: آئی سی سی کا بنگلہ دیش کے میچز کیلئے دو وینیو تجویز کرنے کا پلان تیار
کیپشن: ٹی 20 ورلڈ کپ: آئی سی سی کا بنگلہ دیش کے میچز کیلئے دو وینیو تجویز کرنے کا پلان تیار

ویب ڈیسک: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں بنگلہ دیش کے میچز کے لیے بھارت میں دو متبادل وینیو تجویز کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، آئی سی سی رواں ہفتے پیر یا منگل کو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی درخواست پر جواب دے گا، جس میں بنگلہ دیش نے سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے میچز بھارت کے بجائے سری لنکا میں کرانے کی درخواست کی تھی۔

یہ درخواست اس وقت سامنے آئی جب بھارتی بورڈ (بی سی سی آئی) کی ہدایت پر کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے ریلیز کر دیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق، آئی سی سی سری لنکا میں میچز منتقل کرنے کے بجائے چنئی اور ترواننت پورم کو متبادل وینیوز کے طور پر تجویز کرنے پر غور کر رہا ہے۔ بنگلہ دیش کے گروپ مرحلے کے میچز کولکتہ اور ممبئی میں شیڈول ہیں، تاہم بنگلہ دیش نے چنئی کو بطور وینیو قبول کرنے سے انکار کیا تھا۔

دوسری جانب، بنگلہ دیشی حکومت نے بھی سیکیورٹی خدشات کے حوالے سے بھارتی حکومت سے براہِ راست رابطے کی توقع ظاہر کی ہے۔ بی سی بی کا کہنا ہے کہ جب تک سیکیورٹی کی مکمل یقین دہانی نہیں کرائی جاتی، وہ اپنی ٹیم کو بھارت بھیجنے پر راضی نہیں ہوں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، بنگلہ دیشی امپائر شرف الدولہ ثاقب نے بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ون ڈے میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیے، اور ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی شرف الدولہ ثاقب اور غازی سہیل کے میچ آفیشلز کے طور پر شامل ہونے کا امکان ہے۔ آئی سی سی اس مثال کو بنگلہ دیش کے سیکیورٹی خدشات کے جواب میں پیش کر سکتی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم پہلے ہی بھارت جانے سے انکار کر چکی ہے، اور اس کے میچز سری لنکا میں ہوں گے، جب کہ بھارت اور پاکستان کا میچ کولمبو میں شیڈول ہے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کے آغاز میں چار ہفتے سے بھی کم وقت رہ گیا ہے اور ٹیمیں فروری کے پہلے ہفتے میں بھارت پہنچنا شروع ہو جائیں گی، جس کے باعث آئی سی سی اس تنازع کو جلد حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ ٹورنامنٹ کے انتظامات متاثر نہ ہوں۔

Watch Live Public News