ویب ڈیسک: دنیا کی معروف الیکٹرک کار ساز کمپنی ٹیسلا بالآخر بھارت میں اپنی باضابطہ موجودگی قائم کرنے جا رہی ہے۔ ایلون مسک کی قیادت میں کمپنی 15 جولائی 2025 کو ممبئی میں اپنا پہلا ایکسپیرینس سینٹر لانچ کرے گی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹیسلا نے مارچ میں ممبئی میں شوروم کے لیے لیز ڈیل فائنل کی تھی جبکہ عملے کی بھرتی کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔ اس سینٹر کے ذریعے صارفین کو ٹیسلا کی گاڑیوں کو قریب سے دیکھنے، تجربہ کرنے اور آرڈر کرنے کی سہولت دی جائے گی۔
ایلون مسک نے اس پیش رفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں ٹیسلا کی آمد الیکٹرک وہیکل مارکیٹ میں ایک نیا باب ثابت ہوگی۔ بھارتی صارفین کی بڑی تعداد پہلے ہی ٹیسلا میں دلچسپی رکھتی ہے اور کمپنی مقامی سطح پر پیداوار اور شراکت داری کے امکانات کا جائزہ بھی لے رہی ہے۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارت میں ای وی (الیکٹرک وہیکلز) کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے اور حکومت بھی گرین ٹرانسپورٹیشن کو فروغ دینے کے لیے مراعات فراہم کر رہی ہے۔