(ویب ڈیسک ) امریکی ریپر پٹ بل نے لندن میں اپنے کنسرٹ کے دوران بالڈ کیپ پہننے والے افراد کے سب سے بڑے اجتماع کا پہلا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
جمعہ کے روز لندن کے ہائیڈ پارک میں ہونے والے برٹش سمر ٹائم (BST) فیسٹیول میں پٹ بل کی پرفارمنس سے قبل 22,141 مداحوں نے بالڈ کیپ پہن کر اس منفرد ریکارڈ کا حصہ بنایا۔
بہت سے مداحوں نے پٹ بل کے مشہور انداز کی نقل کرتے ہوئے سوٹ، سیاہ ایوی ایٹر چشمے اور چپکائی جانے والی سیاہ گوٹی بھی لگائی۔
45 سالہ ریپر کو ریکارڈ کا سرکاری سرٹیفکیٹ پیش کیے جانے پر انہوں نے کہا "ریکارڈ توڑنے، ریکارڈ بنانے اور تاریخ رقم کرنے کا لمحہ ہے۔"
انہوں نے مزید کہا "شکریہ لندن، شکریہ مداحو، شکریہ ہائیڈ پارک، اور شکریہ تمام 'گنجوں' کا۔"
یہ ریکارڈ اس وقت قائم ہوا جب لندن میں درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔
گزشتہ چند برسوں سے پٹ بل کے مداحوں میں ان کے کنسرٹس کے دوران ان جیسا روپ اختیار کرنے کا رجحان مقبول ہوتا جا رہا ہے۔
21 سالہ طالبہ کونی میک گورن نے کہا"میرے خیال میں میں نے بالڈ کیپ کچھ زیادہ جلدی پہن لی تھی۔ اب اسے اتار نہیں سکتی کیونکہ میرے بال اور میک اپ خراب ہو جائیں گے، اس لیے اب آخر تک یہی رکھنا پڑے گا۔"
ان کی 23 سالہ بہن ایلا نے کہا "کسی تاریخی لمحے کا حصہ بننا بہت اچھا لگ رہا ہے۔ آج ہم تاریخ بنانے جا رہے ہیں۔"
یہ گنیز ورلڈ ریکارڈ پہلی بار سرکاری طور پر آزمایا گیا، اس لیے اس سے پہلے اس زمرے میں کوئی ریکارڈ موجود نہیں تھا۔
میامی سے تعلق رکھنے والے پٹ بل اپنے مشہور گانوں Fireball، Timber، Time Of Our Lives اور On the Floor کی بدولت دنیا بھر میں مقبول ہیں۔