پنجاب میں ڈور ٹو ڈور اور ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن کی تیاریاں

پنجاب میں ڈور ٹو ڈور اور ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن کی تیاریاں
لاہور (پبلک نیوز) پنجاب حکومت کا کورونا ویکسی نیشن کی رفتار تیز کرنے کے لیے اختراعی اقدامات کا فیصلہ، اضلاع میں ڈورٹو ڈور اور ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن سمیت دیگر تجاویز پر غور۔فیصلہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، محکمہ صحت کے سیکرٹریز اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ تمام ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔صوبے میں چار لاکھ 30ہزارافراد کو روزانہ ویکسیئن لگانے کا نظر ثانی شدہ ہدف مقرر کر دیا گیا۔ ہر ڈویژن کے لیے روزانہ ویکسیئن لگانے کے اہداف مقرر کر دیئے گئے۔لاہور ڈویژن کے لیے 97ہزار (بشمول 60ہزار ضلع لاہور)، ڈی جی خان کے لیے 12ہزار، بہاولپور کے لیے 25ہزارنوسوروزانہ کا ہدف، سرگودھا ڈویژن کے لیے 21ہزار، راولپنڈی کے لیے 59ہزار دوسو، ساہیوال کے لیے18ہزارپانچ سوکاہدف، ملتان ڈویژن کے لیے 44ہزارچارسو، گوجرانوالہ کے لیے 77ہزارسات سو اور فیصل آباد74ہزار روزانہ کا ہدف رکھا گیا ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ڈویژنز اور اضلاع کے لیے نظر ثانی شدہ اہداف مقرر کر دیئے گئے ہیں۔ این سی او سی کی گائیڈ لائینز کے مطابق مقرر کردہ اہداف کو ہر صورت پورا کرنا ہوگا۔ 677سینٹرز کے علاوہ223موبائل ویکسی نیشن کیمپ بھی قائم کئے گئے ہیں۔چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ انتظامی افسران ویکسی نیشن کی رفتار بڑھانے کے لیے اپنی تخلیقی صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ ملتان، فیصل آباد،لاہور سمیت دیگر اضلاع میں موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے بھی ویکسی نیشن کی جا رہی ہے۔ موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے دور دراز علاقوں میں ویکسی نیشن کی سہولت فراہم کی جا سکتی ہے۔ نئے مقرر کردہ اہداف کا با قاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔چیف سیکرٹری نے اضلاع میں قائم ٹاسک فورسز کی جانب سے ویکسی نیشن کے لیے تیار کئے گئے لائحہ عمل سے متعلق رپورٹ بھجوانے کی ہدایت کر دی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔