ویب ڈیسک: ترکی اور انڈونیشیا نے جدید لڑاکا طیاروں "Kaan" کی فراہمی کے حوالے سے 10 ارب ڈالر مالیت کا ایک بڑا دفاعی معاہدہ طے کر لیا ہے۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے اس اہم معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں دوست ممالک کے باہمی دفاعی تعاون کا مظہر ہے۔
تفصیلا ت کے مطابق معاہدے کے تحت ترکی آئندہ 10سالوں کے دوران 48 عدد Kaan جنگی طیارے تیار کر کے انڈونیشیا کے حوالے کرے گا۔ اس معاہدے میں ٹیکنالوجی ٹرانسفر کی شق بھی شامل ہے، جس کے ذریعے انڈونیشیا اپنی مقامی انجینئرنگ صلاحیتوں سے بھی فائدہ اٹھا سکے گا۔
"Kaan" طیارہ پانچویں جنریشن کی جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جسے ترک سرکاری ادارے Turkish Aerospace Industries (TAI) نے تیار کیا ہے۔ یہ طیارہ فروری 2024 میں اپنی پہلی تجرباتی پرواز کامیابی سے مکمل کر چکا ہے۔
ابتدائی طور پر "Kaan" کو F-16 طیاروں جیسے انجن سے مزین کیا گیا ہے، تاہم ترکی کا منصوبہ ہے کہ مستقبل میں اسے مکمل طور پر مقامی ساختہ انجن کے ذریعے پرواز کے قابل بنایا جائے۔
ترکی کی دفاعی صنعت نے 2024 میں شاندار پیش رفت کی، اور اس کی برآمدات کا حجم 7.1 ارب ڈالر تک جا پہنچا، جو کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں 1.6 ارب ڈالر کا نمایاں اضافہ ہے۔