(ویب ڈیسک ) پنجاب حکومت نے آگاہی مہمات کو قانونی تحفظ دینے کی تیاری کرلی۔ بل سے عوامی فنڈز سے حکومتی تشہیر کا دروازہ کھلے گا۔
تفصیلات کے مطابق بل کی کاپی پبلک نیوز نے حاصل کر لی ہے۔ عوامی آگاہی و معلومات ترسیل بل 2025 پنجاب اسمبلی سے آج ہی پیش کر منظور کروایا جائے گا، بل منظور کروانے کے لئے قاعدہ 234 کے تحت قواعد 93،94 اور 95 معطل کئے جائیں گے۔
حکومت کا مجوزہ قانون عدالتوں کے فیصلوں پر حاوی ہوگا۔مجوزہ قانون کے متن کے مطابق بعد از بل منظوری حکومتی تشہیر عدالتوں میں چیلنج نہیں ہو سکے گی، تشہیر بارے شکایت صرف ڈی جی پبلک ریلیشنز کو دائر ہو سکے گی۔بعد از بل منظوری صرف اندرونی تحقیقات کا اختیار ہوگا۔
بل کے تحت یکم جنوری 2024 سے جاری تمام اشتہاری مہمات کو قانونی تحفظ حاصل ہو جائے گا۔متن کے مطابق کوئی بھی عوامی منصوبہ عوامی آگاہی مہم میں شامل ہو گا، بل کے تحت حکومتی منصوبوں کو نام دینا اور تشہیر کا اختیار ملے گا۔