ویب ڈیسک:پاکستان ٹیلی ویژن کے سینیئر اداکار راشد محمود کو رحیم یار خان کے علاقے روجھان میں اغوا کر لیا گیا ، اداکار نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی تفصیل ویڈیو میں بیان کردی۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سینیئر اداکار نے بتایا کہ مجھ پر بہت تشدد کیا گیا، اللہ نے مجھے بچایا، سینیئر اداکار نے بتایا کہ وہ رحیم یار خان اپنی اہلیہ کو لینے آئے ہوئے تھے، موٹروے سے جب رحیم یار خان مڑا تو میں غلط راستے کی طرف گاڑی چلا لی اُس سڑک پر لکھا تھا رحیم یار خان 26 کلو میٹر، اُسی راستے پر چلتا گیا آگے ایک بریج آیا پوچھا تو پتہ چل کہ یہ شیخ زید بریج ہے۔
گاڑی کو موڑا جس کے پاس مٹی کی ایک ڈھلوان بنی ہوئی تھی اس کی دوسری طرف سے تیز رفتار موٹرسائیکل سوار آیا جس پر 3 خواتین اور 2 بچے سوار تھے اور وہ سیدھا میری گاڑی سے ٹکرائے، اسی دوران وہاں اردگرد موجود لوگوں نے مجھے تشدد کا نشانہ بنایا۔
سینیئر اداکار کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے میری گاڑی کو نقصان پہنچایا، قیمتی سامان چھین لیا گیا،میرے منہ اور دل پر مکے مارے ، مجھے ایک بار ایسا لگا جیسے یہ کچے کے ڈاکو ہوں، ایک آدمی نے میری مدد کی اور مجھے اُن لوگوں سے بچایا۔ وہ لوگ مجھے اٹھا کر لے جانا چاہتے تھے۔