ویب ڈیسک: محکمہ داخلہ نے کم سن بچوں کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات کی روک تھام کیلئے اہم قدم اٹھا لیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے نام مراسلہ جاری کیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ" گڈ ٹچ بیڈ ٹچ" بارے آگاہی بچوں کے نصاب میں شامل کی جائے۔ بچوں کو ذاتی حفاظت کے بارے میں تعلیم دینا وقت کی ضرورت ہے۔ بچوں کو احسن انداز میں مناسب اور نامناسب جسمانی رویہ بارے بتایا جائے۔
مراسلے میں سفارش کی گئی ہے کہ ابتدائی کلاسز کے سلیبس میں گڈ ٹچ بیڈ ٹچ بارے آگاہی کو شامل کیا جائے۔درست تعلیم اور آگاہی کے بعد بچے نامناسب رویے کو پہچان کر رپورٹ کر سکتے ہیں۔والدین اور اساتذہ بچوں کو بتائیں کہ گھر اور باہر نامناسب رویے کو کیسے رپورٹ کیا جائے۔جنسی استحصال کا شکار بچے زندگی بھر ٹراما میں رہ سکتے ہیں ۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بچوں کو محفوظ بنانا اور استحصال کرنے والوں کو قانون کے شکنجے میں لانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ بچوں کو سکھایا جائے کہ جنسی استحصال کی کوشش کرنے والوں سے ڈرنا نہیں بلکہ انہیں بے نقاب کرنا ہے۔ بچوں کے نصاب میں گڈ ٹچ بیڈ ٹچ بارے ماڈیول شامل کرنے کیلئے ماہرین سے مدد لی جائے۔ آگاہی مہم بچوں کو بدسلوکی اور استحصال سے محفوظ رکھنے میں معاون ہوگی۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ داخلہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے ذریعے بھی "گڈ ٹچ بیڈ ٹچ" بارے آگاہی مہم تیار کر رہا ہے۔معاملے کی حساسیت کے پیش نظر آنے والی نسلوں کو محفوظ بنانے کیلئے فوری حکمت عملی مرتب کی جائے۔
گڈ ٹچ، بیڈ ٹچ بارے آگاہی بچوں کی حفاظت کیلئے مفید احتیاطی اقدام ہے۔