(ویب ڈیسک ) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمر ایوب کو بلاول بھٹو پر الزام تراشی سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے، پی ٹی آئی والے چوری بھی خود کرتے ہیں اور کھوجی بھی خود ہی بنتے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ دریائے سندھ پر متنازعہ نہری منصوبے پی ٹی آئی حکومت نے شروع کیے، سندھ کے اعتراضات کو نظرانداز کیا، پی ٹی آئی حکومت نے سندھ کے شدید اعتراضات کے باوجود جلال پور کینال، چوبارہ برانچ کینال اور گریٹر تھل کینال (فیزII)جیسے متنازعہ منصوبوں پر کام شروع کیا، سندھ حکومت نے مختلف وفاقی فورمز پر ان منصوبوں پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا، مگر پی ٹی آئی حکومت نے ان اعتراضات کو مکمل طور پر نظرانداز کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے واضح کیا تھا کہ یہ اقدام آئین، 1991 کے واٹر اپورشنمنٹ ایکارڈ، اور آئی آر ایس اے ایکٹ 1992 کی خلاف ورزی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ اسمبلی نے ماضی میں بھی ان منصوبوں کے خلاف متفقہ قراردادیں منظور کی تھیں، لیکن پی ٹی آئی حکومت نے یکطرفہ طور پر پنجاب کو فائدہ پہنچانے کے لیے ان پر کام جاری رکھا،پی ٹی آئی حکومت نے سندھ کے عوام کے ساتھ جو ناانصافی کی، اس کا انہیں حساب دینا ہوگا۔