(ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری نے بجلی صارفین کیلئے بڑا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بجلی صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے نیا ضابطہ کار جاری کردیا گیا۔خراب کارکردگی پر ڈسکوز افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔
پاورڈویژن کے مطابق ہر ماہ خراب اور بہترین کارکردگی والے سب ڈویژنز کی نشاندہی ہوگی،118 سمارٹ کال سینٹر کو صارفین کیلئے ون ونڈو سروس قرار دیا گیا ہے۔5 ماہ میں 118 پر 20 لاکھ سے زائد کالز موصول ہوئیں،118 پر موصول 96 فیصد سے زائد کالز کامیابی سے ہینڈل کی گئیں۔
پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی صارفین کی 24 لاکھ سے زائد شکایات درج ہوئیں،99.49 فیصد شکایات کا ازالہ کر دیا گیا،لیسکو میں سب سے زیادہ 10 لاکھ سے زائد شکایات درج ہوئیں،میپکو میں 6 لاکھ سے زائد شکایات کا ازالہ کیا گیا،فیسکو اور گیپکو کی کارکردگی بھی 99 فیصد سے زائد رہی۔
وفاقی وزیر اویس لغاری نے ڈسکوز کو 118 سروس عوام میں متعارف کرانے کی ہدایت کردی۔انہوں نے پیسکو، حیزکو، سیپکو، حیسکو اور کیسکو کے کم شکایات کے اندراج پر نوٹس لیا۔پانچ کمپنیوں کو 118 سروس صارفین میں متعارف کرانے کی ہدایت کی۔
اویس لغاری نے کہا کہ تمام ڈسکوز کے کسٹمر سروس ڈائریکٹرز ذمہ دار ٹھہرائے جائیں گے،لائن سٹاف اور افسران کو شکایات فوری حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔118 پلیٹ فارم سے بجلی خدمات میں شفافیت اور عوامی اعتماد میں اضافہ ہوا۔صارفین بجلی سے متعلق مسائل کیلئے فوری 118 پر رابطہ کریں۔
پاور ڈویژن نے 118 سروس کو مزید موثر بنانے کا عزم کا اظہار کیا۔ہر ماہ 118 ڈیٹا کی بنیاد پر سب ڈویژنز کی کارکردگی جاری ہوگی،
وفاقی وزیر نے کہا کہ صارفین کی خدمت میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
کے الیکٹرک نے 99.50 فیصد شکایات حل کرکے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ٹرائبل (TESCO) میں 99.09 فیصد شکایات کا ازالہ کیا گیا۔حزکو (HAZECO) کی 99.06 فیصد شکایات کا کامیاب ازالہ ہوا۔کوئٹہ (QESCO) میں 99.09 فیصد شکایات حل کی گئیں۔سیپکو (SEPCO) میں 98.82 فیصد شکایات کا ازالہ کیا گیا۔حیدرآباد (HESCO) کی 98.90 فیصد شکایات حل کی گئیں جبکہ پشاور (PESCO) میں 98.31 فیصد شکایات کا کامیاب ازالہ کیا گیا۔
پاور ڈویژن کے مطابق 118 سروس نے بجلی صارفین کا حکومتی نظام پر اعتماد بڑھایا،صارفین کی شکایات کے ازالے کی شرح 99 فیصد سے تجاوز کرگئی۔
وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ عوامی خدمت حکومت کی اولین ترجیح ہے، 118 سروس پاکستان کے عوام کے لیے ایک تحفہ ہے،حکومت بجلی صارفین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کر رہی ہے، بجلی صارفین مسائل کیلئے 118 پر رابطہ کریں۔