آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کا اپنے پہلے پیغام میں شہداء کے خون کا بدلہ لینے کا اعلان

آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کا اپنے پہلے پیغام میں شہداء کے خون کا بدلہ لینے کا اعلان
کیپشن: آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کا اپنے پہلے پیغام میں شہداء کے خون کا بدلہ لینے کا اعلان

ویب ڈیسک: نومنتخب ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلا آڈیو پیغام سامنے آگیا ہے، جس میں انہوں نے شہداء کے خون کا بدلہ لینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز دشمن پر دباؤ ڈالنے کے لیے بند رہے گی۔

اپنے پیغام میں آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ ان کا نیا عہدہ ان سے بڑی ذمہ داریوں کا تقاضا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے دنیا کو دکھا دیا ہے کہ وہ ایک عظیم قوم ہیں اور عوام کی حمایت کے بغیر ان کی کوئی حیثیت نہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ دشمن ایرانی عوام کو نشانہ بنا رہے ہیں، تاہم ایرانی قوم متحد ہو کر اپنے دشمنوں کو شکست دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کے خون کے بدلے کے حق سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے اور قوم کا اتحاد ہمیشہ قائم رہے گا۔

ایرانی سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ اگر مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی فوجی اڈے بند نہ کیے گئے تو حملے جاری رہیں گے۔ ان کے مطابق ایران صرف فوجی اہداف کو نشانہ بنا رہا ہے اور یہ کارروائیاں ناگزیر طور پر جاری رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ایران اپنے شہداء، خصوصاً مناب اسکول کے شہداء کا بدلہ لیے بغیر نہیں رکے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ایران پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔

آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے آخر میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں قوم کی بہتر رہنمائی کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ایرانی عوام اتحاد کے ساتھ دشمنوں کا مقابلہ کریں۔

Watch Live Public News