وزیر اعظم کا ہر سال 10 مئی کو یوم معرکہ حق منانے کا اعلان

وزیر اعظم کا ہر سال 10 مئی کو یوم معرکہ حق منانے کا اعلان

(ویب ڈیسک ) آپریشن بنیان المرصوص کی شاندار کامیابی پر وزیراعظم کا ہر سال 10 مئی کو یوم معرکہ حق منانے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعظم شہاز شریف کا کہنا ہے کہ  یوم معرکہ حق ہر سال پورے ملک میں جوش و خروش اور جذبہ ملی وحدت سے منایا جائے گا، ہماری بہادر افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے  ہمارے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیں۔

وزیرِ اعظم  نے 16 مئی 2025، جمعہ کے روز  پاکستان کو دفاعی محاذ پر شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین اور اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کے دن کے طور پر منانے کا بھی فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ  جمعے کے دن یوم تشکر کے تسلسل میں خصوصی نوافل ادا کریں گے،  اللہ کی بارگاہ میں سجدہ شکر بجا لائیں گے اور ملک و قوم کی ترقی کیلئے دعائیں کریں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا شہدا پیکج کا اعلان :

وزیرِ اعظم  نے بھارتی حملوں سے متاثرہ لوگوں اور املاک کیلئے بھی بڑے فیصلے کیے ہیں ۔انہوں نے  معرکہء حق کے دوران شہید ہونے والوں کے لئے شہداء پیکج کا اعلان بھی کیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق  معرکہء حق میں شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں کے ورثاء کو 1 کروڑ روپے جبکہ زخمی ہونے والوں کو 10 لاکھ روپے سے 20 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔پاک افواج کے شہداء کے ورثاء کو رینک کے حساب 1 کروڑ روپے سے 1.8 کروڑ روپے رقم دی جائے گی ،پاک افواج کے شہداء کے ورثاء کو گھر کی سہولت کے لئے رینک کے حساب سے 1.9 کروڑ روپے سے 4.2 کروڑ روپے دیے جائیں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاک افواج کے شہداء کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک ان کی مکمل تنخواہ بمعہ الاونسز جاری رہیں گی، پاک افواج کے شہداء کے بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم دی جائے گی ، پاک افواج کے ہر شہید کی ایک بیٹی کی شادی کے  لئے 10 لاکھ روپے کی میرج گرانٹ دی جائے گی ، پاک افواج کے زخمی ہونے والوں کو 20 لاکھ روپے سے 50 لاکھ روپے فی کس دئے جائیں گے ۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ   بھارتی حملے میں متاثر ہونے والے گھروں، شہید مساجد کی تعمیر وفاقی حکومت کرے گی، شہدا کے بچوں کی کفالت حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ہم یہ فرض پورا کریں گے، زخمیوں کے علاج کا تمام خرچ وفاقی حکومت اٹھائے گی۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان کی عزت وعظمت کے تحفظ اور دفاع میں جس نے جس محاذ پر جو خدمات سر انجام دی ہیں، ان کا اعتراف قومی سطح پر کیاجائے گا اور انہیں اعزازات سے نوازا جائے گا۔

Watch Live Public News