لکی مروت میں دھماکا ،دو ٹریفک پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد شہید

لکی مروت میں دھماکا ،دو ٹریفک پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد شہید

(ویب ڈیسک) لکی مروت میں دھماکا میں دو ٹریفک پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد شہید ہوگئے ہیں۔

دہشت گردوں کا خیبر پختونخوا میں معصوم شہریوں پر بزدلانہ حملہ ، لکی مروت کے علاقے سرائے نورنگ بازار 

میں دھماکا ہوگیا ،جس کے نتیجے میں ٹریفک پولیس کے دو اہلکاروں سمیت سات افراد شہید جبکہ اٹھارہ افراد زخمی ہو گئے ،زخمیوں میں ایک خاتون اور بچے بھی شامل ہیں۔

وزیر اعلی خیبرپختونخوا کا نوٹس: 

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے لکی مروت میں نورنگ پھاٹک بازار میں دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

وزیر اعلی سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ واقعے میں 2 ٹریفک پولیس اہلکاروں اور 5 شہریوں کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے،شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، صوبائی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

وزیر اعلی نے  زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم کا اظہار افسوس: 


وزیراعظم محمد شہباز شریف  نے لکی مروت سراۓ نورنگ بازار میں دھماکہ میں 2 ٹریفک پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد کے شہید ہونے پر اظہار افسوس کیا۔؎

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی عفریت کے خاتمہ کے لیۓ تمام متعلقہ ادارے اور حکومت غیر متزلزل عزم کے ساتھ بھرپور انداز میں کام کر رہے ہیں۔دہشت گردوں کو ملک کے امن و ترقی کی راہ میں روکاوٹ بننے کی اجازت نہیں دی جاۓ گی۔تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف اس جدو جہد میں بیش قدر قربانیاں دی ہیں۔

وزیراعظم  شہباز شریف نے واقعے کی جلد انکوائری مکمل کر کے ذمہ داران کو تعین کرنے اور مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایات کیں۔انہوں نے  دھماکے میں شہید ہونے والےافراد کے لیۓ دعائے مغفرت اور  زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے بھی دعا کی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی مذمت:

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی  نے لکی مروت میں تھانہ نورنگ کے قریب دھماکے کی پرزور مذمت کی ہے۔انہوں نے 2 ٹریفک اہلکاروں سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع پر  اظہار افسوس کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی  نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور  زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔

محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔دہشتگردی کے عفریت کا سر کچلنے کے لیے پوری قوم یکجان ہے۔دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ہر طبقے نے قربانیاں دی ہیں۔

Watch Live Public News