پشاور:نامزد نگران وزیر اعلی کے پی جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گورنرہاؤس پشاور میں نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تقریب حلف برداری کے سلسلے میں تقریب منعقد ہوئی۔جس میں خیبرپختونخوا کے نامزد نگران وزیراعلیٰ جسٹس(ر) سید ارشد حسین شاہ نے اپنے عہدے کاحلف اٹھا لیا۔ گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ سے بطور نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ان کے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس محمد ابراہیم خان، میئر پشاور حاجی زبیرعلی، سابق نگران صوبائی کابینہ کے اراکین،چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری،آئی جی پولیس اخترحیات گنڈاپور،کمشنرپشاور سمیت صوبائی محکموں کے انتظامی سربراہان نے شرکت کی۔ گورنر کے پی حاجی غلام علی کی نگران وزیراعلیٰ جسٹس(ر)سید ارشد حسین شاہ کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اورنیک تمناؤں کا اظہار کیا۔