سندھ بھر میں منشیات فروشوں کیخلاف بھرپور آپریشن کا فیصلہ

سندھ بھر میں منشیات فروشوں کیخلاف بھرپور آپریشن کا فیصلہ
کیپشن: سندھ بھر میں منشیات فروشوں کیخلاف بھرپور آپریشن کا فیصلہ

ویب ڈیسک: سندھ بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کل سے مرحلہ وار آپریشن شروع کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کل سے منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور آپریشن کے احکامات جاری کر دیے، سندھ بھر سے نارکوٹکس کنٹرول ونگ کی نفری طلب کرلی گئی۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ شرجیل میمن نے حکم جاری کیا کہ کل سے سندھ بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف مرحلہ وار آپریشن شروع کیا جائے۔ پہلے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد میں آپریشن شروع کیا جائے۔

شرجیل میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ منشیات کے خلاف دائرہ وسیع کرتے ہوئے دیگر اضلاع میں بھی جلد آپریشن شروع کر دیا جائے گا۔ ہمارا ٹارگٹ کرسٹل، آئس، ہیروئن، کوکین اور چرس ہے، اس کا خاتمہ ہر صورت میں یقینی بنانا ہوگا۔ پولیس اور  رینجرز بھی ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انسداد منشیات کے نئے قانون کے بعد ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ اپنی آئندہ نسلوں کو بچانے اور منشیات سے پاک معاشرے کے لئے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ منشیات کے روک تھام کے لئے کی جانے والی کوششوں پر اطمینان کا احساس اور خوشی ہوتی ہے۔ 

انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ انسداد منشیات کی ونگ کو مضبوط اور مثالی بنانا اب ہماری ذمہ داری ہے۔ منشیات کے خلاف اچھی کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات اور اعزازات سے نوازا جائے گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ انسداد منشیات کے خلاف کارروائیوں کو خود مانیٹر کر رہا ہوں، روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کی رپورٹ دی جائے۔

Watch Live Public News