برازیل: کوپ30 ماحولیاتی کانفرنس کے باہر مظاہرین کا ہنگامہ، سیکیورٹی اہلکار زخمی

برازیل: کوپ30 ماحولیاتی کانفرنس کے باہر مظاہرین کا ہنگامہ، سیکیورٹی اہلکار زخمی
کیپشن: برازیل: کوپ30 ماحولیاتی کانفرنس کے باہر مظاہرین کا ہنگامہ، سیکیورٹی اہلکار زخمی

ویب ڈیسک: اقوامِ متحدہ کے زیرِ اہتمام کوپ 30 ماحولیاتی سربراہی اجلاس کے دوران مقامی مظاہرین اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ مظاہرین نے اجلاس کے مقام میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی اور جنگلات کے تحفظ، زمینوں کے حقوق اور کارپوریٹ سرگرمیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق، برازیل کے ایمیزون خطے کے شہر بیلیم میں جاری اجلاس کے باہر منگل کو درجنوں انڈیجینس مظاہرین نے نعرے لگاتے ہوئے یو این کمپاؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کی، جہاں دنیا بھر سے ہزاروں مندوبین موجود تھے۔

مظاہرین کے ہاتھوں میں جھنڈے تھے جن پر تحریر تھا: ”ہماری زمین برائے فروخت نہیں“ اور ”زمینوں کے حقوق دو“۔

تُپینامبا کمیونٹی کے رہنما نیٹو نے کہا کہ “ہمیں پیسہ نہیں بلکہ اپنی زمینیں چاہییں جو زرعی کاروبار، تیل کی تلاش، غیرقانونی کان کنی اور درختوں کی کٹائی سے آزاد ہوں۔”

سیکیورٹی اہلکاروں نے مظاہرین کو روکنے کے لیے داخلی دروازے پر میزیں اور بیریئرز لگا کر راستہ بند کردیا۔ اس دوران جھڑپ میں ایک سیکیورٹی اہلکار کے پیٹ پر چوٹ آئی جسے وہیل چیئر میں منتقل کیا گیا، جبکہ ایک اور اہلکار کی پیشانی پر ڈنڈے کے وار سے زخم آیا۔ سیکیورٹی عملے نے متعدد ڈنڈے اور بھاری اشیاء قبضے میں لے لیں۔

جھڑپ کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔ وہ اس سے قبل سینکڑوں افراد پر مشتمل جلوس کی شکل میں کانفرنس کے مقام کی جانب مارچ کر رہے تھے۔

اقوامِ متحدہ کا ردِعمل

یو این کے ترجمان نے تصدیق کی کہ شام کے وقت مظاہرین نے مرکزی داخلی دروازے کے حفاظتی بیریئر توڑنے کی کوشش کی، جس سے دو سیکیورٹی اہلکار معمولی زخمی ہوئے اور مقام کو جزوی نقصان پہنچا۔

ترجمان کے مطابق، برازیلی اور اقوامِ متحدہ کے سیکیورٹی عملے نے تمام حفاظتی پروٹوکولز کے مطابق فوری کارروائی کرتے ہوئے مقام کو محفوظ بنایا۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ کانفرنس کی کارروائی معمول کے مطابق جاری ہے۔

Watch Live Public News