سندھ حکومت کا ہاریوں کے لیے بڑا اقدام، بینظیر ہاری کارڈ اور سولر پینلز کی فراہمی کا اعلان

سندھ حکومت کا ہاریوں کے لیے بڑا اقدام، بینظیر ہاری کارڈ اور سولر پینلز کی فراہمی کا اعلان
کیپشن: سندھ حکومت کا ہاریوں کے لیے بڑا اقدام، بینظیر ہاری کارڈ اور سولر پینلز کی فراہمی کا اعلان

ویب ڈیسک: سندھ حکومت نے صوبے کے کسانوں اور ہاریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے مزید خاندانوں کو بینظیر ہاری کارڈ اور سولر پینلز دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد زرعی شعبے میں جدت، پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور کسانوں کو معاشی طور پر خود مختار بنانا ہے۔

وزیر زراعت سندھ، محمد بخش مہر کے مطابق صوبے میں اب تک 80 ہزار ہاریوں کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے جبکہ رواں ماہ کے آخر تک 50 ہزار ہاریوں کو کارڈ جاری کر دیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بینظیر ہاری کارڈ کے ذریعے کسانوں کو سبسڈی، مالی معاونت اور جدید زرعی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس اسکیم کے تحت خرچ کا 20 فیصد حصہ ہاری برداشت کریں گے جبکہ 80 فیصد رقم سندھ حکومت ادا کرے گی۔ اس فارمولے کا مقصد یہ ہے کہ ہاریوں پر مالی بوجھ کم ہو اور وہ آسانی کے ساتھ زرعی ترقی میں شامل ہوسکیں۔

مزید برآں، محمد بخش مہر نے اعلان کیا کہ صوبے کے ہاریوں کو سولر پینلز بھی دیے جائیں گے تاکہ وہ بجلی کے بڑھتے ہوئے اخراجات سے بچ سکیں اور اپنے زرعی نظام کو جدید خطوط پر استوار کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خواہشمند ہاری 20 ستمبر تک حیدرآباد میں ڈی جی زراعت کے دفتر میں اپنی درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔

Watch Live Public News