ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات نے اپنے 54ویں قومی دن ( یوم اتحاد) کی تیاریاں شروع کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ ہر سال 2 دسمبر کو امارات کی عوام اور رہائشی اس تاریخی دن کو مناتے ہیں جس میں سات امارات کی بنیاد اور اتحاد کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ یہ دن قومی فخر اور ثقافتی ورثے کے اظہار کا شاندار موقع فراہم کرتا ہے۔
اس سال کی تقریبات کو خاص اہمیت حاصل ہے، کیونکہ ہرسال کی طرح رواں سال بھی 2 اور 3 دسمبر کو سرکاری تعطیلات کا اعلان کیا جائے گا، تاہم شہریوں اور رہائشیوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری یہ بھی ہے کہ تعطیلات کے ایام کے حساب سے اس موقع پر چار دن کے طویل ویک اینڈ کا امکان ہے، جو یکم دسمبر سے شروع ہو سکتا ہے۔ سرکاری تعطیلات کے قوانین کے تحت پانچ دن کی توسیعی چھٹی کا بھی امکان موجود ہے۔
یوم اتحاد کی تقریبات پر ایک شاندار سرکاری تقریب ہوگی جس میں اماراتی قیادت شریک ہوگی، اگرچہ تقریب کے مقام کا اعلان فی الحال نہیں کیا گیا، لیکن منتظمین کے مطابق یہ اجتماع منگل، 2 دسمبر کو ایک ایسے مقام پر ہوگا جس کی ثقافتی اور قومی اہمیت نمایاں ہے۔
گزشتہ برس 2024 کی تقریبات العین کے جبیل حفیت کے تاریخی مقام پر منعقد ہوئیں، جہاں قومی روایات، ثقافتی ورثے اور مستقبل کی وژن کو بھرپور انداز میں پیش کیا گیا تھا۔ امسال کی تقریبات بھی اسی شان و شوکت اور عظمت کے ساتھ منانے کی تیاری کی جا رہی ہیں، جس کا انتظار عوام اور رہائشی بے چینی سے کر رہے ہیں۔
واضح رہے متحدہ عرب امارات کا قومی دن ہر سال 2 دسمبر کو منایا جاتا ہے۔، 2 دسمبر 1971 کو متحدہ عرب امارات قائم ہوئی تھی جس میں تمام ریاستیں جن میں ابوظہبی، دبئی، شارجہ، عجمان، ام القوین، راس الخیمہ اور فجیرہ متحد ہوئی تھیں جس کے بعد ان ریاستوں کو متحدہ عرب امارات کا نام دیا گیا۔