پاک نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے میچ آفیشلز کے ناموں کا اعلان

پاک نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے میچ آفیشلز کے ناموں کا اعلان
کیپشن: پاک نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے میچ آفیشلز کے ناموں کا اعلان

ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے لیے میچ آفیشلز کے ناموں کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 18 سے 27 اپریل تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔

احسن رضا اور علیم ڈار امپائرز پینل میں شامل ہیں جبکہ اینڈی پائی کرافٹ میچ ریفری ہوں گے۔امپائر احسن رضا، علیم ڈار، آصف یعقوب، راشد ریاض اور فیصل آفریدی سیریز کے میچز سپروائز کریں گے جبکہ زمبابوے کے اینڈی پائی کرافٹ آئی سی سی کے میچ ریفری کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گے۔

67 سالہ پائی کرافٹ 144 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں ریفری کی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں اور پانچوں میچوں میں ذمہ داری نبھا کر وہ سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں میچ ریفریز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آجائیں گے۔

اس وقت نیوزی لینڈ کے جیف کرو 175 اور سری لنکا کے رنجن مدوگالے 145 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں میچ ریفری کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

دوسری جانب 49 سالہ احسن رضا اس وقت آئی سی سی کے امپائرز کے ایلیٹ پینل میں شامل ہیں اور انہیں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی تاریخ میں سب سے زیادہ 74 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں فیلڈ امپائرنگ کا اعزاز حاصل ہے۔

55 سالہ علیم ڈار جو آئی سی سی کے ایلیٹ پینل کا حصہ رہ چکے ہیں وہ اب تک 70 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں فیلڈ امپائرنگ کا تجربہ رکھتے ہیں۔

 علیم ڈار کے علاوہ فیصل آفریدی، آصف یعقوب اور راشد ریاض بھی آئی سی سی کے انٹرنیشنل پینل میں شامل ہیں۔

احسن رضا اور علیم ڈار 18 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں آن فیلڈ امپائرز ہونگے جبکہ فیصل آفریدی ٹی وی امپائر ہونگے اور راشد ریاض ریزرو امپائر ہونگے۔

20 اپریل کو راولپنڈی میں ہونے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کے آن فیلڈ امپائرز آصف یعقوب اور علیم ڈار ہونگے جبکہ احسن رضا ٹی وی امپائر اور فیصل آفریدی ریزرو امپائر ہونگے۔

21 اپریل کو راولپنڈی میں تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں آن فیلڈ امپائرنگ کی ذمہ داری احسن رضا اور آصف یعقوب کے سپرد کی گئی ہے جبکہ راشد ریاض ٹی وی امپائر اور علیم ڈار ریزرو امپائر ہونگے۔

25 اپریل کو لاہور میں کھیلے جانے والے چوتھے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے آن فیلڈ امپائرز فیصل آفریدی اور راشد ریاض ہونگے جبکہ ٹی وی امپائر آصف یعقوب اور ریزرو امپائر احسن رضا ہونگے۔

27 اپریل کو لاہور میں آن فیلڈ امپائرز کے طور پر راشد ریاض اور فیصل آفریدی کی تقرری کی گئی ہے جبکہ علیم ڈار ٹی وی امپائر اور آصف یعقوب ریزرو امپائر ہونگے۔