ویب ڈیسک:پاکستان میں ایران کے سفارت خانے نے ایران کے صوبے سیستان میں 8 پاکستانی شہریوں کے قتل کی سخت مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی سفارت خانے نے اپنے بیان میں اس حملے کو ایک بزدلانہ اور سفاک کارروائی قرار دیا ہے، جس سے خطے میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرات کا عندیہ ملتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ "یہ حملہ ایک اور یاد دہانی ہے کہ دہشت گردی خطے کی سکیورٹی اور استحکام کے لیے ایک مستقل خطرہ بن چکی ہے۔"
ایرانی سفارت خانے نے ان دہشت گردوں کی شدید مذمت کی ہے جو بین الاقوامی دہشت گرد گروپوں کے ساتھ مل کر امن و سکون کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
ایرانی حکام نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف مشترکہ اقدامات کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ اس چیلنج کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کی تمام صورتوں کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا، تاکہ مزید معصوم انسانی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان میں افغان بارڈر کے قریب مسلح افراد نے ورکشاپ میں گھس کر فائرنگ کی جس سے 8 پاکستانی کار مکینکس جاں بحق ہوگئے۔