مولانا فضل الرحمان کا 27 اپریل کو لاہور میں فلسطین مارچ کرنے کا اعلان 

مولانا فضل الرحمان کا 27 اپریل کو لاہور میں فلسطین مارچ کرنے کا اعلان 

(ویب ڈیسک ) مولانا فضل الرحمان نے 27اپریل کو لاہور میں فلسطین مارچ کرنے کا اعلان کردیا۔

سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان  نے  شاہراہِ قائدین میں اسرائیل مردہ باد ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  جے یو آئی نے کراچی میں عظیم الشان پروگرام منعقد کرکے عالم اسلام کو حوصلہ دیا ہے ، فلسطین اور اہل غزہ کو مدد کا پیغام دیا  ہے۔  آپ تنہا نہیں خون کے آخری قطرے تک آپکے شانہ بشانہ رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ   کراچی میں ایک ملین عوام نے جمع ہوکر آپکو بیدار کرنے کی کوشش کی ہے ، عوام احساس دلانا چاہتی ہے آپ اپنا فرض پورا کریں، فلسطین میں بیس ہزار بچوں اور بیس ہزار خواتین کی شہادت حکمرانوں کو نہیں جگا سکی ، تو آپکا یہ اجتماع بھی انہیں نہیں جگاسکے گا ۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ  یہ حکمران غیرت سے عار ہوچکے ہیں ، امت مسلمہ کو حکمرانوں کی پروا کیے بنا اسرائیل کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہوگا، آپ نے لبیک کہہ کر کراچی میں تاریخ رقم کردی ۔

انہوں نے کہا کہ  اسرائیل کیخلاف سیلاب بن کر کھڑا ہونا ہوگا، اسرائیل کوئی ملک نہیں اس نے سرزمین فلسطین پر قبضہ کیا ہے، اسرائیل ایک خنجر ہے اس کی کوئی قانونی سیاسی اخلاقی حیثیت نہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امریکااور یورپ نے ظالم کے حق میں اپنا موقف لیا ہوا ہے،اسرائیل نے عرب سرزمین  پر قبضہ کیا ہے ، اسرائیل عربوں کی پیٹھ میں ایک خنجر ہے جو گھونپا گیا ہے ،ستتر سال ہوگئے عالمی قوتیں  اسرائیل کو ایک ایسے عمل میں  تائید دے رہے ہیں ، جس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ  ایک صدی پہلے تک کرہ عرض پر اسرائیل نامی کسی مملکت کا وجود نہیں تھا۔اسرائیل بنا تو قائداعظم نے اسے برطانیہ کاناجائز بچہ کہا ، اسرائیل کے پہلے صدر نے خارجہ پالیسی بیان میں کہا تھا کہ ایک نوزائیدہ اسلامی ریاست کا خاتمہ ہماری خارجہ پالیسی کا حصہ ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے کہاہے کہ ہمیں سب سے بڑا خطرہ پاکستان سے ہے، پاکستانیوں کی تکبیر کے نعرے سے صیہونی قوتیں لرز رہی ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کوئی اسرائیل کوتسلیم کرنے کا سوچ رہاہے تو ذہن سے نکال دے،کچھ لابیز کو بتاناچاہتاہوں کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا خواب پورا نہیں ہوگا ، اسرائیل سے معاشی تعلقات قائم کرنا کسی کے لئے آسان نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ  اب بہت ہوگیاامریکا نے مسلمانوں کا بہت خون بہا لیا ،اگر افغانستان سے سبق حاصل نہ کیا تو جلد امریکہ پاش پاش ہوجائے گا،ایشیا کی معیشت  اور وسائل پر یورپ نے قبضہ کیا، حالات بدل رہے ہیں معیشت ایشیا کے ہاتھ میں آئے گی، امریکا نے عرب دنیا میں مسلمان بھائیوں کا بہت خون کرلیا، امریکا اپنی معاشی اور دفاعی قوت کھوبیٹھے گا۔

قاتل قاتل نیتن یاہو قاتل، نیتن یاہو کو پھانسی دو،  جلسہ گاہ  ان نعروں سے گونچ اٹھا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ  یہ جنگی مجرم ہے، انکے ساتھی بھی مجرم ہیں ، میں پیغام دینا چاہتا ہوں ڈونلڈ ٹرمپ تم فلسطینیوں کے قاتل ہو،جو اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے فضا بنارہے تھے ہم نے ان کا نظریہ رد کردیا،بیوروکریسی، اسٹیبلشمنٹ ،سیاستدان، جاگیردار ،صنعت کار ہوں یا کوئی مفاد پرست طبقہ کسی کے کہنے پر اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ  ایوان فروخت ہوجاتے ہیں لیکن ہمارے لئے یہ مسئلہ نہیں ، اب ایوان نہیں میدان ہمارے ہاتھ میں ہے، مقتدرقوتوں اور سول بیوروکریسی جاگیر دار صنعت کار کو بتانا چاہتاہوں کہ اسرائیل امریکا یورپ کی غلامی سے کام نہیں چلےگا، سب کو عوام کے جذبات کا احترام کرنا ہوگا ، یہ جو کچھ موم بتیاں ہمارے خلاف بات کررہی ہیں ان کی کوئی حیثیت نہیں ہے، دھاندلی کرکے ایوان سے ہمیں باہر کیاجاسکتا ہے کہ دھاندلی کے ذریعے ہمارے اجتماعات نہیں روکے جاسکتے۔

Watch Live Public News