ویب ڈیسک: پنجاب حکومت نے بائیکرز کے لیے مجوزہ سبسڈی اسکیم کے تحت 24 ارب روپے کی منظوری کے لیے محکمہ خزانہ کو سمری ارسال کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق سمری منظوری کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوا دی گئی ہے، جس کے بعد رقم جاری کی جائے گی۔ حکومت کا منصوبہ ہے کہ صوبے میں تقریباً ایک کروڑ 25 لاکھ موٹر سائیکل سواروں کو ماہانہ 2000 روپے تک ریلیف فراہم کیا جائے۔
محکمہ ایکسائز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکیم کے تحت فی لیٹر پٹرول پر 100 روپے تک سبسڈی دی جائے گی، جبکہ اب تک 80 لاکھ سے زائد بائیکرز رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق 1980 سے اب تک پنجاب میں تقریباً 5 کروڑ موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن کا عمل مکمل ہوتے ہی سبسڈی اسکیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔