ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں ملکی سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کابینہ کو ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کے کردار پر بریفنگ دی اور کہا کہ دونوں ممالک کو دہائیوں بعد آمنے سامنے لانے میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعظم نے مذاکرات میں پیشرفت پر امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ایران اور امریکا کے وفود نے اعلیٰ سطح پر براہِ راست بات چیت کی اور پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔
وفاقی کابینہ نے ان سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور متعلقہ ٹیموں کی خدمات کی تعریف کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر اہم سفارتی موقع ملا، جس کے ذریعے کشیدگی کو کم کرنے اور امن کے فروغ میں مدد ملی، جبکہ سیزفائر برقرار رکھنے میں بھی پیشرفت ہوئی ہے۔