’پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کا استعمال افسوسناک ہے‘

’پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کا استعمال افسوسناک ہے‘
اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں کے لیے افغان سر زمین کا استعمال ہونا افسوسناک ہے۔ پاکستان، خطہ میں تعمیر و ترقی اور روابط کے فروغ کے لیے قیام امن کو ناگزیر سمجھتا ہے۔ مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین، مشیر تجارت رزاق داؤد اور دیگر کونسل ارکان نے شرکت کی۔ دوران اجلاس افغانستان کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال سمیت اہم سفارتی امور پر مشاورت کی گئی۔ دوران اجلاس پاکستان میں کورونا کی موجودہ صورتحال، وبا کے معاشی مضمرات اور ان سے نمٹنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہء خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن سمیت ہماری موثر حکمت عملی کی وجہ سے پاکستان میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کی شرح میں بہت کمی آئی ہے۔ اجلاس کے دوران وزیر خارجہ نے داسو واقعہ کی تحقیقات میں اب تک سامنے آنے والی پیش رفت سے کونسل ارکان کو آگاہ کیا۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔